پارلیمنٹ ہاؤس کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد گورنر تلنگانہ سوندرا راجن نے ورچول شرکت کی

   

حیدرآباد: گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے نئی دہلی میں نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی تعمیر سے متعلق سنگ بنیاد تقریب میں ورچول انداز میں شرکت کی۔ مرکز کے وستا پراجکٹ کے تحت پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے دہلی میں سنگ بنیاد رکھا۔ تلنگانہ کی گورنر نے راج بھون کے دربار ہال سے ورچول شرکت کرتے ہوئے تقریب کا مشاہدہ کیا ۔ ملک کے کئی گورنرس نے اس تقریب میں آن لائین شرکت کی ہے۔ ٹی سوندرا راجن نے انتہائی عصری نوعیت کی نئی پارلیمنٹ کی تعمیر کے سلسلہ میں وزیراعظم نریندر مودی کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت ملک کی جمہوریت کے لئے ایک بہترین خراج ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی عمارت ملک میں جمہوری اقدار کے استحکام میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے تقریب سنگ بنیاد کو ملک کی تاریخ کا ایک عظیم لمحہ قرار دیا۔ نئی عمارت میں ہندوستان کی عظیم تہذیبی اور ثقافتی روایات کی جھلک رہے گی ۔ گورنر کے مشیران اے پی وی این شرما اور اے کے موہنتی کے علاوہ سکریٹری برائے گورنر کے سریندر موہن ، جوائنٹ سکریٹریز بھوانی شنکر ، رگھو پرساد اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔