پارٹی کو بنیادی سطح پر مستحکم کرنے ضلع کانگریس صدور کو ہدایت

   

دہلی میں ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی کا اجلاس، مرکز کی ناکامیوں کو اُجاگر کرنے کا مشورہ
حیدرآباد 28 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے ضلع کانگریس صدور کو ہدایت دی ہے کہ وہ بنیادی سطح پر کانگریس کے استحکام اور کانگریس کی پالیسی اور پروگراموں کو عوام تک پہنچانے کے لئے متحرک ہوجائیں۔ نئی دہلی میں کانگریس ہیڈکوارٹر اندرا بھون میں ضلع کانگریس صدور کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے، لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی تنظیمی اُمور کے سی وینو گوپال، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی میناکشی نٹراجن، صدر پردیش کانگریس تلنگانہ مہیش کمار گوڑ اور دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے قائدین نے شرکت کی۔ راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے نے ضلع کانگریس صدور سے کہاکہ وہ ملک بھر میں نریندر مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور ناکامیوں کو اُجاگر کریں۔ ضلع کانگریس صدور کے اجلاس کا مقصد بنیادی سطح تک کانگریس کے پالیسی اور پروگراموں کو پیش کرنا ہے۔ احمدآباد میں 8 اور 9 اپریل کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا۔ اجلاس کی تیاریوں کے سلسلہ میں ضلع کانگریس صدور کو مختلف ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ راہول گاندھی نے کہاکہ ریاستوں میں دیہی علاقوں کی سطح تک کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ اُنھوں نے دستور اور جمہوریت کے بچاؤ کیلئے کانگریس کی مہم کا حوالہ دیا اور کہاکہ مواضعات کی سطح پر یہ مہم چلائی جائے۔ ملکارجن کھرگے نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی آواز کو کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ قائد اپوزیشن راہول گاندھی کو اسپیکر کی جانب سے اظہار خیال کا موقع نہیں دیا گیا۔ ضلع کانگریس صدور کو عوام کے درمیان رہتے ہوئے اُن کے مسائل کے حل کے حق میں جدوجہد کی تاکید کی گئی۔ صدر پردیش کانگریس تلنگانہ مہیش کمار گوڑ نے تلنگانہ کے ضلعی صدور کی قیادت کی اور اجلاس کو تلنگانہ میں پارٹی کی سرگرمیوں سے واقف کرایا۔1