پانی کی سربراہی کے مسئلہ پر رنگاریڈی قائدین کی پدیاتراروک دی گئی

   

کانگریس قائدین گرفتار، وعدہ کی تکمیل کرنے وشویشور ریڈی کا مطالبہ

حیدرآباد۔/27 اگسٹ، ( سیاست نیوز)رنگاریڈی ضلع میں پانی کی سربراہی کیلئے کانگریس قائدین کی جانب سے پدیاترا نکالنے کی کوشش کو پولیس نے ناکام بنادیا۔ کانگریس قائدین کو احتیاطی طور پر حراست میں لے لیا گیا۔ سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی اور سابق وزیر پرساد کمار کے علاوہ رنگاریڈی ضلع کے کانگریس قائدین نے پدیاترا نکالنے کی کوشش کی۔ قائدین کو اپنے اپنے علاقوں میں پولیس اسٹیشن منتقل کرتے ہوئے بعد میں رہا کیا گیا۔ پدیاترا نکالنے میں پولیس کی رکاوٹ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وشویشور ریڈی نے پولیس کی جانب سے کانگریس قائدین کی گرفتاری کی مذمت کی اور کہا کہ عوامی مسائل پر جمہوری انداز میں احتجاج کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر صاحب سابق میں آپ پر جو تنقید کی گئی اسے معاف کریں لیکن ہمیں پانی سربراہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اپنے علاقہ میں ایک ایکر کو ایک لاکھ روپئے خرچ کرتے ہوئے سیراب کررہے ہیں۔ ہم بھی تلنگانہ کا حصہ ہیں ہمیں بھی آبپاشی کیلئے پانی چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے لکشمی دیوی پلی ذخیرہ آب 10 ٹی ایم سی کے ساتھ تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک عمل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کسان پانی کو ترس رہے ہیں لیکن چیف منسٹر کو رائلسیما کو پانی سربراہ کرنے کی فکر ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ چیف منسٹر اپنی ریاست کے کسانوں کو فراموش کرچکے ہیں۔ تلنگانہ تحریک میں پانی کیلئے جدوجہد کی گئی اور آندھرا والوں پر تلنگانہ کا پانی منتقل کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا لیکن تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد کے سی آر جدوجہد کو بھول گئے اور تلنگانہ عوام کو پانی کے حق سے محروم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رنگاریڈی ضلع کے لئے چھوٹے اور متوسط آبپاشی اسکیمات پر عمل کرتے ہوئے پانی کی ضرورت کو پورا کیا جاسکتا ہے۔ ضلع میں 96 ٹی ایم سی پانی بارش کی شکل میں آرہا ہے اس کے باوجود عوام اور کسان پانی سے محروم ہیں۔ وشویشور ریڈی نے کہا کہ کسانوں کو رعیتو بندھو اسکیم پر عمل آوری کا انتظار ہے۔ حکومت نے دوسری میعاد میں اسکیم پر عمل آوری نہیں کی۔ قولدار کسان کئی ایک مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے پاس کسانوں اور ان کے نمائندوں سے ملاقات کا وقت نہیں۔ وہ خدا سے دعا کررہے ہیں کہ کسی طرح چیف منسٹر سے ملاقات کا موقع فراہم کرے۔وشویشور ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کسانوں کو انصاف کی فراہمی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ سابق وزیر پرساد کمار نے کہا کہ پالمور، رنگاریڈی کے پانی کے مسائل کے سلسلہ میں کانگریس نے پدیاترا کا فیصلہ کیا تھا لیکن پولیس نے اجازت نہیں دی۔ کانگریس دور حکومت میں عوامی مسائل پر اپوزیشن کو احتجاج کی مکمل اجازت دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل کانگریس نے چندرا بابو نائیڈو سے اتحاد کیا اور ٹی آر ایس نے تنقید کی لیکن آج ٹی آر ایس جگن کے ساتھ مل کر آندھرا کو پانی سربراہ کرنے کا وعدہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو پڑوسی ریاست سے زیادہ اپنی ریاست کی فکر کرنی چاہیئے۔