واشنگٹن : امریکہ کا کہنا ہے کہ اسے اس بات پر شدید تشویش ہے کہ چین کی جانب سے ہندوستان کے قریبی پڑوسی ممالک پاکستان اور سری لنکا کو دیے جانے والے قرضوں کو زبردستی فائدہ اٹھانے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ایک سینیئر اہلکار کا کہنا ہے کہ امریکہ کو اس بات پر گہری تشویش لاحق ہے کہ چین پاکستان اور سری لنکا جیسے ہندوستان کے قریبی پڑوسیوں کو جو قرضے فراہم کر رہا ہے، ان سے وہ زبردستی فائدہ اٹھانے کی کوشش کر سکتا ہے۔جنوبی اور وسطی ایشیا سے متعلق اسسٹنٹ سکریٹری آف اسٹیٹ ڈونالڈ لو نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ ہندوستان کے قریبی پڑوسی ممالک (پاکستان، سری لنکا، نیپال) کے لیے چینی قرضوں کے بارے میں، ہمیں اس بات پر گہری تشویش لاحق ہے کہ ان قرضوں کو زبردستی فائدہ اٹھانے کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔اعلیٰ امریکی سفارت کار ڈونالڈ لو یکم مارچ سے تین روزہ سرکاری دورے پر نئی دہلی پہنچنے والے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ چین کے معاملے پر ہندوستان اور امریکہ کے درمیان سنجیدہ بات چیت ہوئی ہے۔ڈونالڈ لو کا کہنا ہے کہ اس بارے میں، ”ہندوستان سے بات کرنے کے ساتھ ہی ہم خطے کے دیگر ممالک سے بھی بات کر رہے ہیں کہ ہم کس طرح ان ممالک کو اپنے فیصلے خود کرنے میں ان کی مدد کر سکتے ہیں اور یہ کہ انہیں چین سمیت کوئی بھی بیرونی شراکت دار ان کی مرضی کے خلاف فیصلے پر مجبور نہ کر سکے۔