فلک نما میں میٹرو ریل کے کاموں کا چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سنگ بنیاد رکھا
حکومت کی پانچ سالہ معیاد میں میٹرو ٹرین شروع کردینے کا عزم
چنچل گوڑہ جیل کو شہر سے باہر منتقل کرنے اور کے جی تا پی جی کیمپس بنانے کا منصوبہ
ریونت ریڈی کا پرانے شہر میں پہلا خطاب ۔ عوامی نمائندوں و عہدیداروں کی شرکت
حیدرآباد 8 مارچ (سیاست نیوز) پرانا شہر حقیقی شہر حیدرآباد ہے اور اس کی ترقی کیلئے حکومت ہرممکنہ اقدامات کریگی ۔ جلد ہی میر عالم تالاب پر 363کروڑ کی لاگت سے برج کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا افتتاح عمل میں لایا جائیگا ۔ انتخابات کے دور میں سیاست علحدہ ہے اور انتخابات کے بعد ترقی کا عمل مختلف ہوتا ہے ۔ حکومت حقیقی شہر حیدرآباد کی ترقی اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے اقدامات کرے گی۔ حکومت اپنی معیاد کی تکمیل سے قبل املی بن بس اسٹیشن سے چندرائن گٹہ میٹرو ریل کے کاموں کو مکمل کرلے گی اور آئندہ انتخابات سے قبل میٹرو کا افتتاح عمل میں لایا جائیگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے فلک نما میں حیدرآباد میٹرو ریل کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ وہ پرانے شہر کے گلی کوچوں سے واقف ہیں اور ان کی ترقی کیلئے مجلس سے تعاون چاہتے ہیں۔ تقریب میں بیرسٹر اسد اویسی رکن پارلیمنٹ ‘مسٹر انیل کمار یادو رکن پارلیمنٹ‘ ویم نریندر ریڈی مشیر برائے حکومت ‘ سابق مئیر حیدرآباد مسٹر تیگلا کرشنا ریڈی ‘ مسٹر پی مہیندر ریڈی سابق وزیر‘ جناب میر ذوالفقار علی رکن اسمبلی چارمینار‘ جناب محمدمبین رکن اسمبلی بہادر پورہ‘ جناب احمد بن عبداللہ بلعلہ رکن اسمبلی ملک پیٹ ‘ جناب جعفر حسین معراج رکن اسمبلی یاقوت پورہ‘ جناب محمد علی شبیر ‘جناب علی مسقطی ‘ جناب مرزا رحمت بیگ و دیگر موجود تھے ۔ ریونت ریڈی نے چنچل گوڑہ جیل کو شہر سے باہر منتقل کرکے اس کی جگہ کے جی تا پی جی کیمپس کے قیام کے اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ پرانے شہر کے حلقہ جات بہادر پورہ اور یاقوت پورہ میں سڑکوں کی توسیع کیلئے حکومت سے 200 کروڑ روپئے جاری کرنے احکام کی اجرائی عمل میں لائی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریان حیدرآباد آج بھی سلطنت آصفیہ میں نظام کی بنائی سہولتوں سے استفادہ کر رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے حمایت ساگر‘ عثمان ساگر‘ عالیہ اسکول‘ نظام کالج‘ عثمانیہ یونیورسٹی ‘ عثمانیہ دواخا نہ اور نمس کے علاوہ دیگر کا تذکرہ کیا اور کہاکہ آج بھی ان سہولتوں سے استفادہ کیا جا رہاہے لیکن ان کی حکومت جلد ان سہولتوں کو بہتر بنانے اقدامات کرے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ پرانے شہر سے نہیں بلکہ پرانے شہر کے عوام کی دلوں کی دھڑکن سے بھی واقف ہیں۔ چیف منسٹر نے تھیمس ندی لندن کے طرز پر موسیٰ ندی کے کنارے کو 55کیلو میٹر تک ترقی دینے کے منصوبہ کا اعادہ کیا اور کہا کہ اس پراجکٹ سے بھی حیدرآباد میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت شہر حیدرآباد کو عالمی معیار کے مطابق ترقی دینے منصوبہ بندی کر رہی ہے ۔ انہو ںنے 4فیصد مسلم تحفظات کا تذکرہ کرکے کہا کہ متحدہ ریاست میں کانگریس نے مسلم تحفظات کو یقینی بنایا تھا۔ انہو ںنے بتایا کہ کانگریس نے 2009 تا 2014 اپنے اقتدار میں شہر حیدرآباد کو جو ترقی دی ہے اس کے بعد 10 سالوں میں حیدرآباد میں کوئی ترقیاتی پراجکٹ نہیں لائے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو آئی ٹی ‘ فارما شعبہ میں ترقی کانگریس کی مرہون منت ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ ناگول سے چندرائن گٹہ ‘ مہاتما گاندھی بس اسٹیشن سے چندرائن گٹہ و چندرائن گٹہ تا میلاردیوپلی اور ائیر پورٹ تک میٹرو ریل خدمات سے شہر کے اس خطہ کی ناقابل بیان ترقی ہوگی۔ انہو ںنے انتخابات میں سیاسی اختلافات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ انتخابات اور انتخابی مہم اپنی جگہ ہے لیکن کانگریس ترقی کے عمل میں سب کو ساتھ لیکر چلنے والی جماعت ہے اور شہر کی ترقی سب مل کر یقینی بنائیں گے۔چیف منسٹر اپنے پہلے دورہ ٔ پرانا شہر کے دوران چندرائن گٹہ ‘ آئی ایس سدن‘ ملک پیٹ‘ پتھر گٹی ‘ کبوتر خانہ ‘ مدینہ ہوٹل کے علاوہ دیگر مقامات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ شہر کا یہ حصہ ان کیلئے نیا نہیں ہے اور اس خطہ کی گنجان آبادی کے متعلق وہ واقف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں آئندہ 10 برسوں میں کانگریس کا اقتدار برقراررہے گا۔ ریونت ریڈی نے میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ میں تبدیلیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت نے سرمایہ داروں کے بجائے غریب عوام کی حمل و نقل کی فکر کرکے پراجکٹ میں تبدیلی کی ہے۔ جناب محمد علی شبیر مشیر حکومت نے کہا کہ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی حکومت میں جب میٹرو ریل کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا اس وقت بھی یہ راہداری پراجکٹ میں شامل تھی۔ انہو ںنے بتایا کہ وہ بھی بہ حیثیت وزیر اس سنگ بنیاد تقریب میں موجود تھے۔ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ عوام نے انہیں جو اقتدار دیا ہے وہ 5 سال کیلئے ہے اور انہیں یقین ہے کہ مسٹر ریڈی اپنی معیاد پوری کریں گے۔ انہو ںنے ریونت ریڈی کو اطمینان سے 5 سال کام کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ریاست کو فرقہ وارانہ نفرت سے پاک رکھتے ہوئے محبتوں کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ بیرسٹر اویسی نے کہا کہ مجلس ہمیشہ فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف جدوجہد کرتی رہی ہے اور انہیں کمزور کرنے وہ کام کرتے ہیں۔ انہوں نے پرانے شہر کے مختلف پراجکٹس اور ترقیاتی کاموں پر چیف منسٹر کو متوجہ کروایا ۔انہوں نے چنچل گوڑہ جیل کے علاوہ سٹی آرمڈ ریزرو کے کیمپس واقع پیٹلہ برج کو بھی شہر سے باہر منتقل کرنے کی اپیل کی بیرسٹر اسدالدین اویسی نے ڈی ایس سی اعلامیہ میں اردو کی جائیدادوں کو ڈی ریزرو کرنے کی بھی خواہش کی تاکہ اردو والوں کو اس کا فائدہ حاصل ہوسکے۔3