نظارہ کرنے عوام کی بھاری تعداد جمع ہوگئی، ٹریفک جام، زو حکام کے پہنچنے تک مگرمچھ پانی میں چلی گئی
حیدرآباد: پرانا پل کے قریب آج اس وقت سنسنی پھیل گئی جب عوام نے موسیٰ ندی میں ایک مگرمچھ کو دیکھا ۔ اس کو دیکھنے کیلئے کئی افراد وہاں جمع ہوگئے جس کے نتیجہ میں ٹریفک بری طرح متاثر ہوگئی ۔ مقامی عوام نے فوری کلثوم پورہ پولیس کو اس سلسلہ میں آگاہ کیا جس کے نتیجہ میں پولیس پٹرولنگ پارٹی وہاں پہنچ کر عوام کو منتشر کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو اس سلسلہ میں آگاہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ موسیٰ ندی پرانا پل شمشان گھاٹ کے کنارے ایک بڑی مگرمچھ دیکھی گئی جس کے بعد عوام نے اس کی ویڈیو اور تصویر کشی کی اور کچھ ہی دیر میں یہ خبر سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ مگرمچھ کو دیکھنے کیلئے مزید افراد پرانے پل کی سمت آنے لگے لیکن پولیس انہیں روک دیا ۔ انسپکٹر کلثوم پورہ مسٹر پی شنکر نے بتایا کہ مگرمچھ کو موسیٰ ندی میں دیکھے جانے پر نہرو زوالوجیکل پارک کے عملہ کو آگاہ کیا گیا جس کے نتیجہ میں وہاں کی دو ٹیمیں موسیٰ ندی کے قریب مگرمچھ کو پکڑ نے کیلئے پہنچ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی کثیر تعداد جمع ہونے اور شور شرابہ کے نتیجہ میں مگرمچھ زو حکام کے ہاتھ کو نہ لگی اور دوبارہ پانی میں چلی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ دو دنوں کی شدید بارش کے نتیجہ میں حمایت ساگر سے موسیٰ ندی میں یہ مگرمچھ پانی کے بہاؤ سے آگئی ہوگی۔ محکمہ جنگلات اور پولیس نے موسیٰ ندی کے کنارہ رہنے والے عوام کو چوکس رہنے کے لئے کہا ہے کیونکہ مگرمچھ دوبارہ رونما ہوسکتی ہے۔ واضح رہے کہ کل رات دیر گئے شمس آباد روڈ پر ایک بڑا اژدہا پائے جانے پر عوام میں سنسنی پھیل گئی تھی۔کچھ ہی دیر میں اژدہا سڑک سے جھاڑیوں میں غائب ہوگیا لیکن سڑک پار کرنے تک ٹریفک متاثر ہوگئی تھی۔