پرانے شہر کے تلگو سنگر راہول کو حکومت کی جانب سے ایک کروڑ کی امداد

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انتخابی مہم کے وعدہ کی تکمیل کی
حیدرآباد۔ 20 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے تلگو سنگر راہول سپلی گنج سے کئے گئے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر نے بونال تہوار کے موقع پر راہول کے لئے ایک کروڑ روپے کی امداد کا فیصلہ کیا۔ پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان کی حوصلہ افزائی کے لئے انتخابی مہم کے موقع پر صدر پردیش کانگریس کی حیثیت سے ریونت ریڈی نے ایک کروڑ روپے کی امداد کا وعدہ کیا تھا۔ تلگو فلم RRR میں راہول کا نغمہ ’’ناٹو ناٹو‘‘ نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر مقبول ہوا تھا اور یہ آسکر تک پہنچا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ راہول کی محنت تلنگانہ کے نوجوانوں کے لئے ایک مثال ہے۔ ریونت ریڈی نے انتخابی مہم کے دوران راہول کے لئے 10 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا تھا اور وعدہ کیا تھا کہ کانگریس پارٹی برسر اقتدار آنے پر ایک کروڑ نقد انعام دیا جائے گا۔ گزشتہ دنوں غدر ایوارڈ تقریب میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بطور خاص راہول سپلی گنج کا ذکر کیا اور عنقریب حکومت کی جانب سے امداد کا بھروسہ دلایا تھا۔ پرانے شہر میں بونال تہوار کے موقع پر چیف منسٹر نے پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے راہول کو ایک کروڑ روپے کی امداد کی خوشخبری سنائی ہے۔ 1