پربھاس کی فلم اسپرٹ میں ترپتی ڈمری ڈاکٹر ہوں گی

   

ممبئی، 29 مئی(ایجنسیز) جنوبی ہند کے سوپر اسٹار پربھاس اور معروف ہدایت کار سندیپ ریڈی وانگا کی آنے والی فلم ’’اسپرٹ‘‘ ان دنوں مسلسل خبروں میں ہے۔ فلم میں اداکارہ ترپتی ڈمری کو مرکزی خاتون کردار کے لیے منتخب کیے جانے کے بعد اب ان کے کردار سے متعلق کئی اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ترپتی ڈمری فلم میں ایک ڈاکٹر کا کردار ادا کریں گی، جو پربھاس کے کردار کے ساتھ ایک جذباتی اور رومانوی تعلق میں نظر آئے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ فلم میں پربھاس ایک سخت مزاج، بے خوف اور طاقتور پولیس افسر کے کردار میں دکھائی دیں گے، جبکہ ترپتی کا کردار کہانی کے جذباتی پہلوکو مضبوط بنائے گا۔ ذرائع کے مطابق سندیپ ریڈی وانگا نے اس فلم کی کہانی کو شدید جذبات، ایکشن اورگہرے رومانس کے امتزاج کے ساتھ تیارکیا ہے۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلم میں دونوں کرداروں کے درمیان تعلق عام فلمی رومانس سے مختلف اور زیادہ شدت لیے ہوئے ہوگا۔ یہ فلم ترپتی ڈمری اور سندیپ ریڈی وانگا کی دوسری مشترکہ فلم ہوگی۔ اس سے قبل ترپتی وانگا کی بلاک بسٹر فلم اینیمل میں نظر آچکی ہیں، جس کے بعد ان کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا تھا۔ اب ’’اسپرٹ‘‘ کو ترپتی کے کیریئر کی اب تک کی سب سے بڑی فلموں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ فلم اس وقت بھی خبروں میں آئی تھی جب اداکارہ دپیکا پڈوکون نے مبینہ طور پر اس پروجیکٹ سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ اس کے بعد پروڈیوسرز نے باضابطہ طور پر ترپتی ڈمری کو فلم کی نئی ہیروئن کے طور پر متعارف کرایا۔