پردیش کانگریس مبصرین کی کارکردگی پر میناکشی نٹراجن کی نظر

   

مہیش کمار گوڑ سے رپورٹ طلب، 20 مئی تک کمیٹیوں کی تشکیل دینے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 10 مئی (سیاست نیوز) اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ کانگریس امور میناکشی نٹراجن نے پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مستحکم کرنے کیلئے حال ہی میں نامزد کردہ مبصرین کی کارکردگی پر اپنی توجہ مرکوز کردی ہے۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ میناکشی نٹراجن نے اس سلسلہ میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی ہے۔ مبصرین کے ضلعی دورے اور انہیں دی گئی ذمہ داری کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے انہیں ہفتہ واری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کون کام کررہے ہیں؟ کون کام نہیں کررہے ہیں اس کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی ہے۔ مناسب انداز میں کام نہ کرنے والے چند مبصرین سے میناکشی نٹراجن نے خود ٹیلیفون کرتے ہوئے وضاحت طلب کی ہے جس کے بعد ان مبصرین نے اپنے متعلقہ اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے پارٹی قائدین اور کیڈر سے ملاقات کرنا شروع کردیا ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس کو گجرات ماڈل میں مستحکم کرنے پر کانگریس ہائی کمان خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اسی کے ایک حصہ کے طور پر دیہی علاقوں سے پارٹی کو استحکام کرنے کے منصوبے پر عمل کیا جارہا ہے۔ کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے ہر ضلع کیلئے دو مبصرین کو نامزد کیا ہے ان کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ کی بنیاد پر ہی گاؤں ، منڈل اور ضلع کانگریس کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی۔ کمیٹیوں کی تشکیل میں سال 2017ء سے پارٹی میں خدمات انجام دینے والے قائدین کو عہدوں کی تقسیم میں زیادہ اہمیت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے 20 مئی تک کی مبصرین کو مہلت دی گئی ہے۔ مقررہ وقت سے قبل کمیٹیوں کی تشکیل میں مبصرین مصروف ہوگئے ہیں۔2