پردیش کانگریس کمیٹی کی تشکیل کے مسئلہ پر میناکشی نٹراجن کی پارٹی قائدین سے ملاقات

   

پارلیمانی حلقہ جات کے قائدین سے مشاورت، کمزور طبقات کو موثر نمائندگی کا تیقن
حیدرآباد ۔ 28۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی تشکیل کے سلسلہ میں پارٹی انچارج میناکشی نٹراجن نے وسیع مشاورت کا آغاز کیا ہے تاکہ تمام طبقات اور علاقوں کو پارٹی عاملہ کے عہدوں میں نمائندگی دی جاسکے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی تشکیل کے سلسلہ میں پارٹی قائدین میں اختلاف رائے کو دیکھتے ہوئے میناکشی نٹراجن نے پارلیمانی حلقوں کے قائدین سے ملاقات کا فیصلہ کیا تاکہ حقیقی کارکنوں کے نام حاصل کئے جاسکیں۔ میناکشی نٹراجن نے حیدر گوڑہ میں واقع کیمپ آفس میں پارلیمانی حلقوں کے قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے واضح کیا کہ عاملہ کے عہدوں پر حقیقی قائدین اور کارکنوں کو نمائندگی دی جائے گی۔ انہوں نے عادل آباد ، پدا پلی ، کریم نگر ، نظام آباد ، ظہیر آباد ، میدک اور ملکاجگری لوک سبھا حلقوں سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں اور قائدین سے ملاقات کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ 119 اسمبلی حلقہ جات کے ارکان اسمبلی اور شکست خوردہ امیدواروں سے علحدہ علحدہ ملاقات کرتے ہوئے حکومت کی کارکردگی اور پارٹی کے استحکام پر رائے حاصل کریں گی۔ پردیش کانگریس کمیٹی میں ورکنگ پریسیڈنٹ ، نائب صدور اور جنرل سکریٹریز کے عہدوں پر ہائی کمان کو جو نام پیش کئے گئے ، ان پر مختلف گوشوں نے اعتراض جتایا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کی جانب سے الگ الگ ناموں کی سفارش کی گئی۔ اتفاق رائے کی کمی کے باعث ہائی کمان نے فہرست کو منظوری نہیں دی اور قائدین کو 30 مئی کو نئی دہلی طلب کیا ہے تاکہ مشاورت کی جائے۔ نئی دہلی کے اجلاس سے قبل میناکشی نٹراجن تلنگانہ قائدین کی رائے حاصل کر رہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کابینہ میں امکانی توسیع کے پیش نظر مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کے دباؤ کا جائزہ لینے کے لئے میناکشی نٹراجن حیدر آباد میں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے مادیگا طبقہ سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے فون پر بات چیت کی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کابینہ اور پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ میں پسماندہ طبقات کو مناسب نمائندگی دی جائے گی۔ پارٹی کے ضلعی قائدین نے پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ میں جگہ پانے کیلئے سرگرمیوں کو تیز کردیا ہے۔1