پرنسس اسریٰ و پرنس عظمت جاہ سے حیدرآباد میں قیام کی درخواست:محمد محمود علی

   

حکومت سے ہر ممکن تعاون کا تیقن، تدفین کے انتظامات پر چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر
حیدرآباد 19 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے پرنسس اسریٰ اور پرنس میر عظمت علی خاں عظمت جاہ بہادر کو حیدرآباد میں مستقل قیام کی صورت میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ آصف ثامن نواب میر برکت علی خاں مکرم جاہ بہادر کی تدفین کے موقع پر وزیر داخلہ محمد محمود علی نے مکرم جاہ بہادر کے فرزند عظمت جاہ بہادر کو حیدرآباد میں مستقل قیام کا مشورہ دیا تاکہ مکرم جاہ کی جانب سے شروع کردہ تعلیمی اور دیگر فلاحی سرگرمیوں کو جاری رکھا جاسکے۔ محمد محمود علی نے 2014 ء میں مکرم جاہ بہادر کو روانہ کردہ مکتوب کا حوالہ دیا جس میں ان سے خواہش کی گئی کہ مستقل طور پر حیدرآباد میں سکونت اختیار کریں اور حکومت کی جانب سے تمام مراعات فراہم کی جائیں گی۔ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد یہ پیشکش کی گئی تھی تاکہ آصفجاہی خانوادہ سے تلنگانہ عوام کی وابستگی کا اظہار ہو۔ مکرم جاہ نے اس پیشکش کا تحریری طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ناسازی مزاج کے سبب حیدرآباد میں قیام سے معذوری ظاہر کی تھی ۔ ترکی سے مکرم جاہ کی میت کی آمد کے موقع پر چو محلہ پیالیس میں وزیر داخلہ محمود علی نے چیف منسٹر کے سی آر کے ہمراہ پرنسس اسریٰ اور پرنس عظمت جاہ بہادر سے ملاقات کی تھی۔ پرسہ دینے والی تمام اہم شخصیتوں نے پرنسس اسریٰ اور عظمت جاہ کو حیدرآباد میں قیام کا مشورہ دیا تاکہ آصفجاہی خاندان عوامی اور فلاحی خدمات کو جاری رکھ سکے۔ نظام کے مختلف ٹرسٹوں کے ذریعہ تعلیمی اور طبی خدمات کا سلسلہ جاری ہے ۔ وزیر داخلہ محمود علی نے کہا کہ اہل حیدرآباد آصفجاہی خانوادہ کا دل سے احترام کرتے ہیں لہذا خاندان کے ارکان کو حیدرآباد میں مستقل سکونت اختیار کرنی چاہئے ۔ انہوں نے آخری دیدار اور جلوس جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت کا حوالہ دیا اور کہا کہ حیدرآباد میں قیام کے ذریعہ عوام کی بہتر خدمت کی جاسکتی ہے۔ پرنسس اسریٰ اور عظمت جاہ بہادر نے اس تجویز پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ اسی دوران چیف منسٹر کے سی آر نے مکرم جاہ بہادر کی سرکاری اعزازات کے ساتھ تدفین پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کھمم روانگی سے قبل تدفین کے انتظامات کی نگرانی کے لئے وزیر داخلہ محمود علی کو ذمہ داری دی تھی ۔ وزیر داخلہ نے شخصی طورپر انتظامات کی نگرانی کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ پرنسس اسریٰ نے چیف منسٹر کے سی آر سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے حکومت انتظامات اور سرکاری اعزا زات پر اظہار تشکر کیا۔ر