پرچہ جات کے افشاء کے خلاف ریونت ریڈی کی ایک روزہ بھوک ہڑتال

   

کے ٹی آر کی برطرفی کا مطالبہ، چنچل گوڑہ جیل میں ملزمین کو دھمکیاں، تلنگانہ ہائی کورٹ میں آج سماعت
حیدرآباد۔/19 مارچ ( یاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے پبلک سرویس کمیشن امتحانی پرچہ جات کے افشاء کے خلاف آج کاماریڈی ضلع کے گندھاری منڈل میں ایک روزہ بھوک ہڑتال کی۔ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کیلئے ریونت ریڈی کاماریڈی میں ہیں۔ انہوں نے آج پروگرام کے مطابق یلاریڈی اسمبلی حلقہ میں پدیاترا کے بجائے امتحانی پرچوں کے افشاء کے خلاف ایک روزہ بھوک ہڑتال کی۔ بھوک ہڑتال کیلئے روانگی کے موقع پر سینکڑوں کانگریس کارکن شامل ہوئے۔ بھوک ہڑتالی کیمپ میں بیروزگار نوجوانوں کی مختلف تنظیموں کے قائدین نے حصہ لے کر پرچہ جات کے افشاء کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا۔ سابق وزیر محمد علی شبیر، رکن اسمبلی سیتکا، سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو، ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ کے علاوہ کاماریڈی کے پارٹی قائدین بھوک ہڑتال میں شریک تھے۔ صبح 11 بجے سے شام بجے تک بھوک ہڑتال جاری تھی اور شام میں محمد علی شبیر اور رکن کونسل جیون ریڈی نے لیمو کا رس پیش کرکے بھوک ہڑتال کو ختم کرایا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ پرچہ جات کے افشاء میں حکومت کے اہم ذمہ دار ملوث ہیں۔ وزیر آئی ٹی کے ٹی آر کے دفتر سے اس کا راست تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2015 سے آج تک پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچہ جات کا افشاء ہوتا رہا اور مخصوص افراد کو فائدہ پہنچا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے ٹی آر کو وزارت سے برطرف کرکے جیل منتقل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کیلئے کے ٹی آر تمثیلی چیف منسٹر کی طرح ہیں اسی طرح کے ٹی آر کے پی اے تروپتی تمثیلی وزیر آئی ٹی کا رول ادا کررہے ہیں۔ تروپتی نے افشاء کا سارا کھیل انجام دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افشاء کی جانچ کے ٹی آر کے دفتر سے شروع کی جانی چاہیئے تاکہ حقائق کا پتہ چلے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ راج شیکھر اور کے ٹی آر کے پی اے تروپتی میں قربت ہے اور دونوں نے افشاء کا کھیل رچایا تھا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ گروپ I امتحان میں 100 سے زائد نشانات حاصل کرنے والے تمام امیدواروں کی تفصیلات منظر عام پر لائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تروپتی کے کہنے پر راج شیکھر کو پبلک سرویس کمیشن میں ملازمت دی گئی اور اسے آؤٹ سورسنگ ملازم رکھا گیا لیکن اس نے پرچوں کے افشاء میں اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت حقیقی خاطیوںکو بچانے کی کوشش کررہی ہے۔ ریونت ریڈی نے کے ٹی آر کی پریس کانفرنس پر سخت تنقید کی اور کہا کہ پریس کانفرنس کے بعد ملزمین کو پولیس نے اپنی تحویل میں لیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کے ٹی آر کو افشاء معاملہ میں صرف دو افراد کے ملوث ہونے کا علم کس طرح ہوا ہے۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چنچل گوڑہ جیل میں دونوں ملزمین کو انکاؤنٹر کی دھمکی دے کر سارا الزام اپنے سر لینے راضی کیا گیا۔ انہوں نے 13 تا 18 مارچ چنچل گوڑہ جیل میں ملزمین سے ملاقات کرنے والوں کی تفصیلات اور سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے برسرخدمت جج سے تحقیقات کے مطالبہ کو دہرایا۔ انہوں نے بتایا کہ ہائی کورٹ میں کل پرچہ جات کے افشاء معاملہ کی سماعت مقرر ہے۔ر