پرہلاد جوشی نے وزارت تعلیم کا چارج سنبھال لیا

,

   

پہلے ہی دن اعلیٰ حکام کے ساتھ اجلاس‘ اہم امور پر تبادلہ خیال

نئی دہلی ۔26؍جولائی ( ایجنسیز )مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے اتوار کو مرکزی وزیرِ تعلیم کی حیثیت سے باضابطہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد انہوں نے وزارتِ تعلیم کے سینئر افسران کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیاجس میں وزارت کے مختلف امور اور آئندہ کی ترجیحات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ انہیں ایسے وقت میں وزارتِ تعلیم کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جب ملک میں تعلیمی نظام، مسابقتی امتحانات کی شفافیت اور قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) کے مؤثر نفاذ پر بحث جاری ہے۔واضح رہے کہ سابق وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ صدرِ جمہوریہ کی جانب سے منظور کیے جانے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کے مشورے پر پرہلاد جوشی کو وزارتِ تعلیم کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ پراہلاد جوشی مرکزی حکومت کے سینئر وزرا میں شمار کیے جاتے ہیں۔ وہ اس وقت وزارتِ امورِ صارفین، خوراک و عوامی تقسیم اور نئی و قابلِ تجدید توانائی کی وزارت کی ذمہ داریاں بھی سنبھال رہے ہیں۔کرناٹک کی دھارواڑ لوک سبھا نشست سے وہ مسلسل پانچ مرتبہ رکنِ پارلیمنٹ منتخب ہو چکے ہیں ۔اس وقت ان کے سامنے سب سے بڑا چیلنج ملک کے امتحانی نظام پر عوام کا اعتماد بحال کرنا، مسابقتی امتحانات میں مکمل شفافیت کو یقینی بنانا اور قومی تعلیمی پالیسی کے تحت جاری اصلاحات کو نئی رفتار دینا ہے۔امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں وزارت امتحانی اصلاحات، ٹیکنالوجی پر مبنی جانچ کے نظام، جامعات میں تحقیق کے فروغ اور طلبہ سے متعلق زیر التوا معاملات پر تیز رفتار فیصلے کرے گی۔ تعلیمی ماہرین، طلبہ اور والدین کی نظریں اب اس بات پر مرکوز ہیں کہ نئے وزیرِ تعلیم ان اہم چیلنجز سے کس طرح نمٹتے ہیں اور ملک کے تعلیمی نظام میں اصلاحات کے عمل کو کس رفتار سے آگے بڑھاتے ہیں۔