پولیس تقررات کیلئے عمر کی حد میں مزید دو سال اضافہ کا اعلان

   

رکن کونسل راجیشور ریڈی کی نمائندگی پر چیف منسٹر کا فیصلہ، 5 لاکھ سے زائد درخواستیں داخل
حیدرآباد۔20۔ مئی (سیاست نیوز) محکمہ پولیس میں بھرتی کے خواہشمند امیدواروں کیلئے خوشخبری ہے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے پولیس میں بھرتی کیلئے امیدواروں کی اعظم ترین عمرکی حد میں مزید 2 سال اضافہ کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست میں مقامی افراد کو ملازمتوں میں پہلی مرتبہ 95 فیصد تحفظات پر عمل کیا جارہا ہے۔ گزشتہ دو برسوں سے کورونا کے پس منظر میں عدم تقررات کے سبب امیدواروں کی عمر میں اضافہ کے معاملہ کو ایم ایل سی پی راجیشور ریڈی نے چیف منسٹر سے رجوع کیا اور عمر کی حد میں اضافہ کی درخواست کی ۔ چیف منسٹر نے مثبت ردعمل کا ظہار کرکے دو سال اضافہ کا فیصلہ کیا اور چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل پولیس کو ضروری اقدامات کی ہدایت دی۔ واضح رہے کہ بیروزگار نوجوانوں کی جانب سے پولیس تقررات کیلئے عمر کی حد میں اضافہ کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔ پولیس رکروٹمنٹ کیلئے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کا امکان ہے ۔ طئے شدہ شیڈول کے مطابق جمعہ کی رات 10 بجے تک امیدواروں کو درخواستوں کے آن لائین ادخال کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ چیف منسٹر کی جانب سے مزید دو سال کی رعایت کے فیصلہ کے بعد اہل امیدواروں کو رجسٹریشن کا موقع فراہم کرنے تاریخ میں توسیع کی جاسکتی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کل جمعرات کو صرف ایک دن میں ایک لاکھ سے زائد امیدواروں نے آن لائین رجسٹریشن کیا ہے۔ ابھی تک جملہ 5.2 لاکھ امیدواروں نے درخواستیں داخل کی ہیں، عمر کی حد میں دو سال اضافہ کے باعث جملہ درخواستوں کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کرسکتی ہے۔ حکومت نے پولیس ، اکسائز ، فائر سرویسیس ، جیل اور ٹرانسپورٹ محکمہ جات میں جملہ 17291 جائیداوں پر تقررات کے لئے اعلامیہ جاری کیا اور 2 مئی سے درخواستیں وصول کی جارہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ 5.2 لاکھ امیدواروں سے جملہ 9.33 لاکھ درخواستیں داخل کی جاچکی ہیں۔ پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کے صدرنشین وی وی سرینواس راؤ نے بتایا کہ خاتون درخواست گزاروں کی تعداد 2.05 لاکھ درج کی گئی ہے ۔ مجموعی درخواستوں میں بی سی طبقہ کے 52 فیصد ، ایس سی 22 ، ایس ٹی 19 فیصد اور دیگر طبقات کے 7 فیصد امیدوار ہیں۔ ر