برسلز: بیلجیم کے حکام نے جمعہ کو کہا کہ جمعرات کی شام پولیس پر چاقو سے حملہ کرنے والے شخص کا نام ممکنہ دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا۔ اس نے یہ حملہ کرتے ہوئے ایک پولیس افسر کو ہلاک اور ایک کو زخمی کیا تھا۔ یورپی ملک بیلجیم میں چاقو سے حملے کی اس تازہ ترین واردات کے بارے میں بیلجیم حکام نے جمعہ کی صبح بتایا کہ حملہ آور تنہا تھا۔ دفتر استغاثہ کی خاتون ترجمان سارہ ڈیورنٹ کے بقول اس حملے سے پہلے ملزم نے پولیس افسروں کے ساتھ بات چیت کی تھی اور رضا کارانہ طور پر نفسیاتی مدد مانگی تھی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور زخمی ہو گیا تھا۔ اس واقعہ کے فوراً بعد اس کی تحقیقات مبینہ دہشت گردی کے تناظر میں کی جانے لگی۔