پٹرول و ڈیزل کی قیمت میں 87 اور 91 پیسے فی لیٹر اضافہ

,

   

آٹھ دن میں تیسری بار قیمتیں بڑھائی گئیں۔ دہلی و دیگر شہروں میں سی این جی کی قیمت بھی بڑھی
نئی دہلی، 23 مئی (یواین آئی) پیٹرول، ڈیزل اور سی این جی کی قیمتوں میں آج ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ۔ انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق، دہلی میں آج سے پیٹرول 87 پیسے اور ڈیزل 91 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے ۔ دیگر شہروں میں بھی اسی تناسب سے اضافہ کیا گیا ہے ۔ چار چار دن کے وقفے سے ان پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں تیسری بار اضافہ کیا گیا ۔ دہلی اور دیگر شہروں میں اندرپرستھ گیس لمیٹڈ نے آج سے سی این جی قیمت میں دو روپے فی کیلوگرام اضافہ کر دیا ہے ۔ 9 دنوں میں یہ دوسرا اضافہ ہے ۔ اس سے قبل 15 مئی کو کمپنی نے سی این جی کی قیمت میں دو روپے فی کیلوگرام اضافہ کیا تھا۔ دہلی میں آج سے فی لیٹر پیٹرول قیمت 99.51 روپے اور ڈیزل کی قیمت 98.64 روپے ہو گئی ۔ اس سے قبل 15 مئی کو دہلی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تین تین روپے اضافہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد 19 مئی کو بھی پیٹرول 87 پیسے اور ڈیزل 91 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا تھا۔ مغربی ایشیا بحران اور سپلائی رکاوٹوں کی وجہ سے بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ و ڈالر کے مقابلے میں روپے کی گراوٹ کے سبب تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کی لاگت بڑھ رہی ہے ۔ انڈین آئل نے اپنے پریمیم پیٹرول ایکس پی 95 کی قیمت 87 پیسے بڑھا کر 106.63 روپے اور پریمیم ڈیزل ایکس جی کی قیمت 91 پیسے بڑھا کر 97.81 روپے فی لیٹر کر دی ہے ۔