بائیک میں پٹرول ختم ہوجانے پر گاڑی کو بیچ سڑک پر پھینک کر ناراضگی ظاہر کی
حیدرآباد 28 اپریل ( سیاست نیوز ) : ریاست میں پٹرول کی حالیہ قلت نے عام آدمی کے صبرکا پیمانہ لبریز کردیا ہے ۔ ضلع جنگاوں کے پالکورتھی چوراہے پر آج اس وقت ایک عجیب و غریب صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک موٹر سائیکل سوار نے پٹرول ختم ہوجانے پر بیچ سڑک اپنی گاڑی پھینک کر احتجاج شروع کردیا ۔ کوڈاکنڈلا منڈل لکشمیکا پلی کا متوطن رمیش اپنی موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ پالکورتھی چوراہا کے قریب پٹرول ختم ہونے سے گاڑی رک گئی ۔ پہلے ہی مختلف پٹرول پمپس پر طویل قطاروں کو دیکھ کر ذہنی تناؤ کا شکار رمیش اس رکاوٹ پر آپے سے باہر ہوگیا اور شدید گرمی میں سڑک کے درمیان اپنی بائیک گراکر احتجاج کرنے لگا ۔ رمیش نے کہا کہ پٹرول کی ایسی مصیبت بھگوان کسی دشمن کو بھی نہ دے ۔ اس طرح رمیش کے اچانک احتجاج سے کچھ دیر کیلئے ٹریفک متاثر ہوئی ۔ مقامی عوام نے اس نوجوان کو سمجھا بجھا کر سڑک کے درمیان سے ہٹادیا ۔ اس واقعہ نے پٹرول پمپس پر جاری بحران کی سنگینی کو واضح کردیا ۔ عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی سپلائی فوری طور پر بحال کی جائے تاکہ روزمرہ کی زندگی متاثر نہ ہو ۔۔ 2/k/b