پھول باغ میں سڑک حادثہ ، کمسن لڑکی کی موت

   

حیدرآباد۔ 21 فروری (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ چندرائن گٹہ پھول باغ میں ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں کمسن لڑکی آٹو کی ٹکر سے ہلاک ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ 18 ماہ کی امیرہ باوزیر جو محمود باوزیر کی بیٹی تھی، آج شام 5 بجے اپنے مکان واقع پھول باغ میں کھیل میں مصروف تھی کہ ایک تیز رفتار ٹاٹا ایس آٹو جو گھاس سے لدا ہوا تھا، نے اسے ٹکر دے دی۔ اس حادثہ میں امیرہ برسرموقع ہلاک ہوگئی اور آٹو ڈرائیور نے وہاں سے راہ فرار اختیار کرلی۔ آٹو ڈرائیور کی اس لاپرواہی کے خلاف مقامی عوام نے شدید احتجاج کیا اور آٹو ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ کمسن لڑکی سڑک حادثہ میں ہلاک ہونے اور عوام کی کثیر تعداد کے وہاں جمع ہوجانے کے پیش نظر اسسٹنٹ کمشنر پولیس فلک نما جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور آٹو ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کا تیقن دیا۔ پولیس نے آٹو ڈرائیور کو گرفتار کرنے کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے۔