پی وی نرسمہا راؤ ویٹرنری یونیورسٹی میں ریاگنگ کیخلاف کارروائی اسوسی ایٹ ڈین یونیورسٹی کا سخت ترین اقدام

   

حیدرآباد ۔ 2نومبر ( سیاست نیوز) کالجس اور تعلیمی اداروں میں ریاگنگ کے خلاف جاری اقدامات اور پولیس کی چوکسی بے اثر ثابت ہورہی ہے ۔ ریاگنگ کے خلاف سائبرآباد پولیس کے دعوے کھوکھلے اور اقدامات بے بنیاد ثابت ہورہے ہیں ۔ راجندر نگر کے علاقہ میں ریاگنگ کا واقعہ منظر عام پر آیا جہاں یونیورسٹی حکام نے کالج کے سینئر طلبہ کے خلاف کارروائی کی ۔ تاہم اس واقعہ کے منظرعام پر آنے کے بعد راجندر نگرپولیس تنقیدوں کے گھیرے میں آگئی ہے ۔ بتایا جاتاہے کہ پی وی نرسمہا راؤ تلنگانہ اسٹیٹ ویٹرنری یونیورسٹی میں ریاگنگ کا سنسنی خیز واقعہ پیش آیا ۔ واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد کالج کے اسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر پرمود کمار نے کارروائی انجام دی اور 34 سینئر طلبہ کے خلاف احکامات جاری کردیئے ۔ ان 34سینئر طلبہ کے خلاف 25 جونیئر طلبہ کے ساتھ ریاگنگ کے الزامات ثابت ہوگئے اور یونیورسٹی حکام نے 34 سینئر طلبہ میں 25 طلبہ کو دو ہفتوں تک کالج سے معطل کردیا اور دیگر 9 طلبہ کو کالج کے ساتھ ہاسٹل سے بھی معطل کردیا گیا ہے اور کالج کی بس میں سفر کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ۔ ذرائع کے مطابق دیوالی تہوار سے قبل سی وی ایس سی سال اول میں زیر تعلیم 25 طلبہ کو سینئرس کی جانب سے ریاگنگ کرتے ہوئے انہیں شدید ہراساں و پریشان کیا گیا اور ہاسٹل عمارت کی چھت پر طلب کرتے ہوئے فلمی انداز میں ان سے نیم عریاں رقص کروایا گیا اور اس ریاگنگ کے الزامات کی تصدیق کے بعد سینئر طلباء کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ ع