پیپر لیک معاملہ میں کانگریس پر دوہرا معیار اپنانے بی جے پی کا الزام

   

ملکارجن کھرگے اور پریانک کھرگے کے بیانات پر کانگریس کی خاموشی کیوں؟ سمبت پاترا کی میڈیا سے بات چیت

نئی دہلی، 4اگست (یو این آئی) بی جے پی نے کانگریس پر پیپر لیک معاملے میں دوہرے معیار اپنانے کا الزام لگایا ہے اور اس مسئلے پر کرناٹک کے وزیر داخلہ پریانگ کھرگے کے بیان پر کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کی خاموشی پر جواب مانگا ہے۔ بی جے پی کے قومی ترجمان سمبت پاترا نے منگل کو نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ کھرگے جی راجیہ سبھا میں کھڑے ہو کر گھنٹوں تقریر کرتے ہیں۔ اچھی بات ہے ، کم از کم بحث تو ہوئی، لیکن جب اسی موضوع پر ان کے بیٹے کرناٹک میں ایسا بیان دیتے ہیں جو غیر حساس ہے ، غیرانسانی ہے ، اس پر راہول اور کھرگے خاموش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ٹی وی پر دیکھا، کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے کے بیٹے پریانگ کھرگے جی نے کرناٹک میں ہوئے پیپر لیک پر، پولیس کانسٹیبل بھرتھی میں ہوئی دھاندلیوں کے خلاف طالب علموں کی تحریک پر بڑے تکبر سے کہا کہ ٹھیک ہے ، پہلے طالب علموں کو 25 دن کی بھوک ہڑتال کرنے دو، پھر ہم لاٹھی چارج کریں گے ، پھر اپنے استعفے کے بارے میں سوچیں گے ۔بی جے پی ترجمان نے کہاکہ اس مسئلہ پر راہول خاموش ہیں اور میں دعوے کے ساتھ کہنا چاہوں گا کہ آج بھی وہ ایوان چلنے نہیں دیں گے ۔ یہ کانگریس کا دوہرا معیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اور اس کے کچھ اتحادی مانسون سیشن کو متاثر کر رہے ہیں۔ ایک سیشن میں کروڑوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں۔ تاہم، سیشن شروع ہونے کے بعد سے ، وقفہ سوالات نہیں ہو پایا ہے ۔ شاذ و نادر ہی کسی بل پر کوئی بحث ہو رہی ہے ۔ پاترا نے کہاکہ میں بس ان کے دوہرے معیار سے حیران ہوں۔ پارلیمنٹ کا سیشن چلانے کیلئے کروڑوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں۔ پھر بھی، شروع سے ہی وقفہ صفر کو متاثر کرنے کی کوششیں کی گئی ہیں۔ مسئلہ کانگریس اور اس کے اتحادیوں کے رویے میں ہے ۔ دوہرا معیار حیران کن ہے ۔بی جے پی ترجمان نے کہا کہ پریانگ کھرگے نے ایک غیر حساس بیان دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بھوک ہڑتال پر جانے دو۔ پھر ہم ان پر لاٹھی چارج کریں گے ، اور اس کے بعد ہی میں استعفیٰ دینے کے بارے میں سوچوں گا۔ راہول گاندھی ابھی بھی اس پر خاموش ہیں۔ جھارکھنڈ میں ہزاروں طالب علم احتجاج میں بیٹھے ہیں، اور کانگریس پارٹی جھارکھنڈ میں تحریک میں بیٹھے طالب علموں کے حق میں ایک بھی لفظ نہیں بول رہی ہے ، اور نہ ہی ایسا لگتا ہے کہ وہ ایوان میں اس مسئلے کو اٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ میں جے پی ایس سی امتحان کے سلسلے میں ایک بھی پلے کارڈ کانگریس کے ہاتھوں میں نہیں دیکھا گیا ہے … کیونکہ یہ سلیکٹیو غصہ ہے ۔