26 جنوری سے عمل آوری کا آغاز، چیف سکریٹری شانتی کماری کی ضلع کلکٹرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس
حیدرآباد۔/15 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ 26 جنوری سے عمل کی جانے والی چار اسکیمات کے استفادہ کنندگان کا انتخاب مکمل شفافیت سے کیا جائے۔ شانتی کماری نے کہا کہ 21 جنوری سے گرام سبھاؤں کا آغاز ہوگا جس میں استفادہ کنندگان کے ناموں کو منظوری دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گرام سبھاؤں کے انعقاد اور استفادہ کنندگان کی فہرست کی منظوری کا عمل مکمل شفافیت کے تحت ہونا چاہیئے۔ حکومت کی چار اسکیمات رعیتو بھروسہ، اندراماں آتمیا بھروسہ ، اندراماں ہاؤزنگ اور راشن کارڈز کی اجرائی پر 26 جنوری سے عمل آوری شروع ہوگی۔ شانتی کماری نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس میں چاروں اسکیمات کے سلسلہ میں ہدایات جاری کیں۔ چیف سکریٹری نے کلکٹرس سے کہا کہ استفادہ کنندگان کے انتخاب میں شبہ کی کوئی گنجائش نہیں رہنی چاہیئے۔ حکومت چاروں اسکیمات پر عمل آوری کیلئے سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوئی بھی مستحق خاندان اسکیمات سے محروم نہ رہنے پائے۔ رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت اراضی کی تفصیلات محکمہ جات زراعت اور ریوینو کو روانہ کی گئی ہیں۔ کاشت کے قابل اراضیات کے سروے کا کام انجام دیا جائے۔ گاؤں میں زیر کاشت اراضیات کی نشاندہی کرتے ہوئے کسانوں کے نام اسکیم کے تحت شامل کئے جائیں۔ بے زمین زرعی مزدوروں کو اندراماں آتمیا بھروسہ اسکیم کے تحت سالانہ 12 ہزار روپئے کی امداد دی جائے گی۔ ضمانت روزگار اسکیم کے تحت انہیں کم از کم 20 دن کام کا ریکارڈ پیش کرنا ہوگا۔ چیف سکریٹری نے گرام سبھا اور جی ایچ ایم سی کے حدود میں وارڈ کی سطح پر استفادہ کنندگان کے انتخاب کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسکیمات کیلئے گائیڈ لائنس جاری کئے ہیں۔ ٹیلی کانفرنس میں پرنسپل سکریٹری ریوینو نوین متل، پرنسپل سکریٹری سیول سپلائیز ڈی ایس چوہان، سکریٹری زراعت رگھونندن راؤ، سکریٹری ہاؤزنگ بدھا پرکاش، سکریٹری پنچایت راج لوکیش کمار، کمشنر جی ایچ ایم سی اور ضلع کلکٹرس نے شرکت کی۔1