چالاک دھوکہ باز نے شاطر حسینہ کی تین مردوں سے علحدہ علحدہ شادیاں کرائی

   

چوتھی شادی کرانے کے دوران پکڑا گیا، تنہا مرد اصلی نشانہ ،لاکھوں روپئے لوٹ لئے گئے

حیدرآباد ۔ 4 مارچ (سیاست نیوز) شادیوں کے نام پر ٹھگ لینے کے کئی واقعات آئے دن منظرعام پر آرہے ہیں مگر ریاست تلنگانہ میں ایک دھوکہ باز دلال نے شاطر حسینہ کی خدمات حاصل کرتے ہوئے تین افراد سے اس کی علحدہ علحدہ شادیاں کراتے ہوئے نہ صرف انہیں دھوکہ دیا بلکہ لاکھوں روپئے بھی لوٹ لیا۔ چوتھی شادی کرانے کے دوران پکڑا گیا۔ چالاک دھوکہ باز دلال کا اصل نشانہ وہ لوگ ہوئے جو بیویوں سے دور ہوکر تنہا زندگی گذار رہے تھے۔ اور دوسری شادی کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔ ایسے افراد کو وہ اپنے اعتماد میں لیتے ہوئے انہیں لوٹ لیا کرتا تھا۔ ضلع نظام آباد کے سریکنڈہ منڈل تائی پلی موضع سے تعلق رکھنے والے لکشمن کے چار بچے ہیں اور 20 سال قبل اس کی بیوی کا انتقال ہوگیا تھا۔ دوسری شادی کا ارادہ رکھنے والے لکشمن سے کرناٹک کے چالباز دلال شیوکمار نے رابطہ پیدا کیا۔ میٹھی میٹھی باتیں کرتے ہوئے اس کا دل جیت لیا اور 8 ماہ قبل شیوکمار نے محبوب نگر علاقہ سے تعلق رکھنے والی لڑکی سے اس کی ملاقات کرائی۔ لڑکی نے بھی لکشمن کو زندگی بھر ساتھ نبھانے کا وعدہ کیا جس کے بعد دونوں کی شادی ہوگئی۔ شادی کے چند دن بعد لڑکی نے ماں سے ملاقات کرنے کا بہانہ کرتے ہوئے فرار ہوگئی۔ کئی دن گذر جانے کے بعد اپنی بیوی واپس لوٹ کر نہ آنے پر لکشمن نے دلال شیوکمار سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا جس نے ایک ہفتہ میں اس کی بیوی لوٹ آنے کا لکشمن کو یقین دلایا۔ اس کے بعد بھی کئی دن گذر گئے اور بیوی کی جانب سے فون بند کردینے پر لکشمن کو اندازہ ہوگیا کہ وہ دھوکہ دہی کا شکار ہوگیا۔ دھوکہ باز دلال شیوکمار اس طرح اس لڑکی سے پہلے بھی دوسرے دو افراد سے شادی کراچکا تھا اور ان سے بھی لاکھوں روپئے حاصل کرچکا تھا۔ شادیوں کے بعد لڑکی کو شوہروں کے گھروں سے بھگا دیا کرتا تھا۔ اس دلال نے تازہ طور پر اسی لڑکی کی شادی ضلع راجنا سرسلہ کے بوئن پلی منڈل سے تعلق رکھنے والے نوجوان سے طئے کردی اس کی اطلاع ملتے ہی لکشمن اپنے رشتہ داروں کے ساتھ ویملواڑہ پہنچا اور دلال شیوکمار کو پکڑکر پولیس کے حوالے کردیا۔ن