چندرا بابو نائیڈو کا حیدرآباد پہنچنے پر شاندار استقبال

   

بیگم پیٹ ایر پورٹ سے جوبلی ہلز قیامگاہ تک جلوس
حیدرآباد۔یکم؍ نومبر، ( سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر و صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو 52 دن تک جیل میں رہنے کے بعد ضمانت ملنے پر علاج کیلئے آج حیدرآباد پہنچے۔ چندرا بابو نائیڈو کا حیدرآباد پہنچنے پر حامیوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا اور حالیہ برسوں میں حیدرآباد میں پہلی مرتبہ نائیڈو کی تائید میں اس قدر ہجوم دیکھا گیا۔ چندرا بابو نائیڈو کو اِسکل ڈیولپمنٹ اسکام کے سلسلہ میں آندھرا پردیش کی سی بی سی آئی ڈی نے 9 ستمبر کو گرفتار کیا تھا اور وہ راجمندری جیل میں محروس تھے۔ ہائی کورٹ کی جانب سے علاج کیلئے 4 ہفتوںکی عبوری ضمانت منظور کی گئی۔ چندرا بابو نائیڈو راجمندری سے سڑک کے راستہ آج صبح امراوتی کے اونڈاولی میں اپنی قیامگاہ پہنچے جہاں افراد خاندان نے ان کا جذباتی استقبال کیا۔ وہاں سے چندرا بابو نائیڈو خصوصی طیارہ سے افراد خاندان کے ہمراہ آج شام حیدرآباد پہنچے جہاں بیگم پیٹ ایر پورٹ پر حامیوں اور تلگودیشم کارکنوں کے علاوہ آئی ٹی ملازمین کی کثیر تعداد نے ’ جئے چندرا بابو نائیڈو‘ کے نعروں کے ساتھ استقبال کیا۔ نائیڈو نے گاڑی سے باہر نکل کر عوام کے استقبال کا ہاتھ ہلاکر جواب دیا۔ عدالت کی شرائط کے سبب نائیڈو نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت نہیں کی اور سینکڑوں حامیوں کے قافلہ کے ساتھ جوبلی ہلز پہنچے۔ قافلہ میں کاروں کے علاوہ بائیک گاڑیوں کی کثیر تعداد تھی۔ جوبلی ہلز قیامگاہ پہنچنے پر چندرا بابو نائیڈو کی آرتی اتاری گئی۔ نائیڈو کل جمعرات کو ایشین انسٹی ٹیوٹ آف گیسٹروانٹرولوجی میں اپنے معائنے کرائیں گے اور ان کی آنکھ کی کیٹراکٹ سرجری بھی کی جاسکتی ہے۔ واضح رہے کہ ہائی کورٹ نے ڈاکٹرس کی رپورٹ کی بنیاد پر نائیڈو کو چار ہفتے کی عبوری ضمانت منظور کی ہے۔