چندرابابو نائیڈو کی 12 جون کو بطور چیف منسٹر حلف برداری

   

نریندر مودی کی شرکت متوقع، جنا سینا اور بی جے پی کو کابینہ میں نمائندگی

حیدرآباد 7 جون (سیاست نیوز) آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد صدر تلگودیشم این چندرابابو نائیڈو 12 جون کو چیف منسٹر کے عہدہ کا حلف لیں گے۔ اِس سلسلہ میں امراوتی میں بڑے پیمانے پر تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ چندرابابو نائیڈو نے ابتداء میں 9 جون کو حلف برداری کا فیصلہ کیا تھا تاہم اتوار کو وزیراعظم نریندر مودی کی حلف برداری کے سبب اُنھوں نے تاریخ میں تبدیلی کردی ہے۔ چندرابابو نائیڈو نے آندھراپردیش کابینہ کی تشکیل کے مسئلہ پر پارٹی قائدین کے ساتھ دو مرتبہ مشاورت کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کو حلف برداری تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ منگل گیری میں حلف برداری اور جلسہ عام کے انتظامات کا آندھراپردیش یونٹ کے صدر اچم نائیڈو نے سینئر قائدین کے ساتھ جائزہ لیا۔ چندرابابو نائیڈو نے دونوں تلگو ریاستوں کے درمیان بہتر تعلقات کے احیاء کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کو تقریب حلف برداری میں شرکت کا دعوت نامہ روانہ کیا جاسکتا ہے۔ ریونت ریڈی نے دعوت نامہ ملنے پر شرکت کا پہلے ہی اعلان کردیا ہے۔ اب جبکہ وزیراعظم نریندر مودی کی شرکت کو یقینی قرار دیا جارہا ہے، ایسے میں ریونت ریڈی کی شرکت غیر یقینی دکھائی دے رہی ہے۔ اِسی دوران چندرابابو نائیڈو نے وزارت میں جنا سینا اور بی جے پی کی شمولیت پر پارٹی قائدین سے مشاورت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی اور جنا سینا کے فی کس دو وزراء کو شامل کیا جائے گا۔ کابینہ میں ایس سی ۔ ایس ٹی، بی سی، اقلیت اور خواتین کی نمائندگی کا فیصلہ کیا گیا۔ تلگودیشم سے 3 مسلم ارکان اسمبلی منتخب ہوئے اُن میں سینئر لیڈر اور سابق وزیر این محمد فاروق کی شمولیت طے سمجھی جارہی ہے۔ تلگودیشم لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس 11 جون کو منعقد ہوگا جس میں چندرابابو نائیڈو کو قائد کے طور پر منتخب کیا جائے گا۔ جنا سینا کے سربراہ پون کلیان اسمبلی کے لئے منتخب ہوئے تاہم اُن کی کابینہ میں شمولیت کے بارے میں صورتحال واضح نہیں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جنا سینا کے قائدین پون کلیان کو اہم وزارت کے ساتھ شمولیت کا مشورہ دے رہے ہیں۔ کابینہ کی تشکیل میں نارا لوکیش کا اہم رول رہے گا۔1
چندرابابو نائیڈو کے قریبی ساتھیوں اچم نائیڈو اور رکن کونسل وائی رام کرشنوڈو کی شمولیت یقینی بتائی جارہی ہے۔ بی جے پی سے وائی ایس چودھری، پی وشنو کمار راجو اور ستیہ کمار یادو کے نام کابینہ میں شمولیت کے لئے زیرغور ہیں۔ 1