چیف منسٹر ریونت ریڈی آج تلنگانہ کیلئے خصوصی انتخابی منشور جاری کریں گے

   

متعدد وعدے شامل ، سیاسی حلقوں میں ہلچل ، سیاسی مبصرین اور ماہرین چوکس
حیدرآباد۔2۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی 3 مئی کو 11بجے دن تلنگانہ کے لئے خصوصی انتخابی منشور جاری کریں گے۔ کانگریس کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے لئے خصوصی انتخابی منشور کی اطلاع کے ساتھ ہی سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہوچکی ہے اور کہا جار ہاہے کہ سیاسی مبصرین اورماہرین اس اعلان کے بعد چوکنا ہو چکے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی 3مئی کوتلنگانہ کے لئے مخصوص انتخابی منشور کی اجرائی کے ذریعہ عوام کو اس بات سے واقف کروائیں گے کہ مرکز میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کی صورت میں ریاست تلنگانہ کے لئے کیا کام انجام دیئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق کانگریس کی جانب سے جاری کئے گئے انتخابی منشور جسے کانگریس نے نیائے پاترا کا نام دیا ہے اس میں دی گئی ضمانتوں کے علاوہ مسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے تلنگانہ کے لئے جاری کئے جانے والے انتخابی منشور میں ریاست میں انٹرنیشنل و نیشنل اسکولوں کے قیام ‘ خصوصی راہداریوں کی منظوری ‘ شاہراہوں کی ترقی اور ملک کے اہم شہروں سے ریاست کی شاہراہوں کو جوڑنے کے علاوہ خصوصی تجارتی مراکز و سرمایہ کاری کے مراکز کے ریاست میں قیام کے وعدوں پر مشتمل ہوگا ۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے اس خصوصی انتخابی منشور کے سلسلہ میں کہا جار ہاہے کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اپنی خصوصی دلچسپی کے ذریعہ یہ منشور تیار کیا ہے تاکہ مرکز میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کی صورت میں ریاست تلنگانہ کو ہونے والے فائدہ سے عوام کو واقف کروایا جاسکے۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت تلنگانہ کے اس خصوصی انتخابی منشور کو 3 مئی کے بعد سے تلنگانہ میں عام کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور اس منشور میں تلنگانہ کیلئے قومی سطح پر دی جانے والی ضمانتوں کے علاوہ دیگر ضمانتوں کے متعلق عوام سے وعدہ کیا جائے گا۔3