بی سی طبقات کا خواب پورا ہوا، دہلی میں ’ مہا دھرنا‘ سے خطاب
حیدرآباد۔/2اپریل، ( سیاست نیوز) تلگو فلموں کے اسٹار سمن نے پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ریونت ریڈی حقیقی معنوں میں ہیرو ہیں اور انہوں نے پسماندہ طبقات کے ساتھ انصاف کیا ہے۔ نئی دہلی میں بی سی طبقات کے دھرنا میں حصہ لیتے ہوئے فلم اسٹار سمن نے 42 فیصد تحفظات بل کی پارلیمنٹ میں منظوری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کو یقین نہیں تھا کہ انہیں 42 فیصد تحفظات حاصل ہوں گے لیکن غیر یقینی صورتحال میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تعلیم، روزگار اور سیاست میں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات کو قانونی شکل دینے والے ریونت ریڈی حقیقی ہیرو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی نے بی سی طبقات سے اپنی حقیقی ہمدردی کو ثابت کیا ہے۔ سمن نے ایجنسی علاقوں میں بسنے والے بی سی ذیلی طبقات کو ایس سی زمرہ میں شامل کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ طویل عرصہ سے یہ مطالبہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ تلنگانہ کے منظورہ بل کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں منظوری دیں۔ مہا دھرنا سے گورنمنٹ وہپ اے سرینواس، تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام، کانگریس کے سینئر قائد وی ہنمنت راؤ، رکن اسمبلی راج ٹھاکر اور مختلف بی سی تنظیموں کے نمائندوں نے خطاب کیا۔1