اسمبلی میں 42 فیصد تحفظات بل کی منظوری پر مبارکباد
حیدرآباد 18 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں بی سی طبقات کے لئے 42 فیصد تحفظات کے حق میں قانون سازی پر بی سی تنظیموں کی جانب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ قانون ساز اسمبلی میں واقع چیف منسٹر کے چیمبر میں مختلف بی سی تنظیموں کے قائدین نے ملاقات کی اور تعلیم اور روزگار کے علاوہ مجالس مقامی میں 42 فیصد تحفظات کے فیصلے پر مبارکباد پیش کی۔ کانگریس کے بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے کئی قائدین نے بھی اسمبلی پہونچ کر چیف منسٹر سے ملاقات کی۔ سابق صدر پردیش کانگریس اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے اسمبلی پہونچ کر چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور بِل کی منظوری پر مبارکباد پیش کی۔ ہنمنت راؤ نے کہاکہ بی سی طبقات کے لئے 17 مارچ کا دن تاریخی اہمیت کا حامل رہے گا جس دن تلنگانہ اسمبلی میں آبادی کے اعتبار سے تحفظات کے وعدے کو حقیقت میں تبدیل کیا ہے۔ راہول گاندھی نے سماجی انصاف کے تحت بی سی طبقات کے تحفظات میں اضافہ کا وعدہ کیا تھا۔ طبقاتی سروے کی بنیاد پر حکومت نے 42 فیصد تحفظات کا تعین کیا ہے۔ ہنمنت راؤ نے اُمید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت دستوری ترمیم کے ذریعہ تلنگانہ کے قانون کو منظوری دے گی۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، ریاستی وزیر بہبودی پسماندہ طبقات پونم پربھاکر اور بی سی طبقہ سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کا خیرمقدم کیا۔ مجالس مقامی میں بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کانگریس قائدین نے کہاکہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی پارٹی نے پسماندہ طبقات کو سماجی انصاف فراہم کیا ہے۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ نئی دہلی میں مرکزی حکومت کو دستوری ترمیم کے لئے راضی کرنے میں تلنگانہ حکومت کو کامیابی حاصل ہوگی۔ قائدین نے کہاکہ تلنگانہ میں جدوجہد ختم ہوچکی ہے اور اب دہلی میں جدوجہد کا آغاز ہوگا۔ 1