تلنگانہ میں 208 امتحانی مراکز ۔ 2.95 لاکھ طلبہ شریک ہوں گے ۔ وسیع تر انتظامات
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اتوار کو منعقد ہونے والے نیٹ کے اہم امتحان میں شرکت کرنے والے تمام طلباء اور طالبات کے لیے اپنی مخلصانہ نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ تمام طلبہ بغیر کسی ذہنی دباؤ اور پریشانی کے مکمل اعتماد اور پر سکون ذہن کے ساتھ امتحانی ہال میں جائیں اور کامیابی حاصل کریں ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم میں داخلے کے لیے یہ امتحان ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ آخری لمحات میں کسی بھی تناؤ کا شکار نہ ہوں بلکہ اپنی تیاری اور محنت پر پورا بھروسہ رکھتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں ۔ چیف منسٹر نے امید ظاہر کی ہے کہ تمام طلبہ اپنے خوابوں کو پورا کریں گے اور زندگی میں اعلیٰ ترین مقام حاصل کریں گے ۔ تلنگانہ میں بھی نیٹ امتحان کے لیے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں ۔ ریاست میں 208 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں اور تقریبا 2 لاکھ 95 ہزار طلبہ امتحان میں حصہ لے رہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نیٹ امتحان میں شریک ہونے والے طلبہ کے لیے حکومت نے آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی ہے ۔ ریونت ریڈی نے طلبہ اور اولیائے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ آخری لمحات کی افراتفری اور ٹریفک کے مسائل سے بچنے کے لیے وقت سے کافی پہلے امتحانی مراکز پر پہونچ جائیں ساتھ ہی انہوں نے تاکید کی کہ امتحانی مرکز کے تمام تر اصول و ضوابط اور رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل پیرا ہو کر پر سکون ماحول میں امتحان لکھیں ۔۔ 2/m/b