لنچ کا منصوبہ، پرگتی بھون میں ہر ڈپو سے 5 افراد مدعو، ایم ڈی سنیل شرما کا خطاب
حیدرآباد 29نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ یکم ڈسمبر کو ریاست کے تمام بس ڈپوز کے ملازمین کے ملاقات کریں گے۔ چیف منسٹر نے منیجنگ ڈائریکٹر آرٹی سی مسٹر سنیل شرما کو ہدایت دی کہ وہ یکم ڈسمبر کو ہر ڈپو سے 5 ملازمین کو ’پرگتی بھون‘ مدعو کریں تاکہ وہ ان سے ملاقات کرکے بات چیت کرسکیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے آرٹی سی ملازمین کے نمائندوں کے ہمراہ لنچ کا منصوبہ بنایا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ اتوار کو ملاقات کے دوران چیف منسٹر ملازمین سے خطاب کے دوران انہیں آرٹی سی کی صورتحال سے واقف کروائیں گے اور انہیں حکومت کے تیار کئے گئے منصوبہ سے واقف کرواتے ہوئے حقائق کو پیش کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے گذشتہ یوم کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آر ٹی سی یونین کی جانب سے ملازمین کو گمراہ کیا جاتا رہا ہے اور حقائق کو توڑ مروڑ کرپیش کیا جاتا رہاہے اسی لئے یونین کی سیاسی سازشوں کا شکار نہ ہونے کی اپیل کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا تھا کہ وہ راست ملازمین سے ملاقات کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ اس ملاقات کے سلسلہ میں 12 بجے ریاست کے تمام ڈپوز سے تعلق رکھنے والے 5نمائندہ ملازمین کو پہنچنے کی دعوت دی جاچکی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ کے تمام 97 ڈپوز سے تعلق رکھنے والے آرٹی سی ملازمین کے ساتھ چیف منسٹر ظہرانہ کریں گے بعد ازاں وہ شخصی طور پر ملازمین سے ملاقات کرکے تبادلۂ خیال کریں گے۔ اس پروگرام میں چیف منسٹر کی جانب سے وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر اجئے کمار کے علاوہ منیجنگ ڈائرکٹر آرٹی سی ‘ ایکزیکیٹیو ڈائریکٹرس‘ ریجنل منیجرس اور ڈی وی ایم کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس پروگرام کے سلسلہ میں تمام انتظامات کو قطعیت دیتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ آر ٹی سی ملازمین کے ساتھ یہ ملاقات خوشگوار اور ثمر آور ثابت ہو۔ چیف منسٹر کی جانب سے مدعو کئے جانے والو ںکی فہرست منیجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی مسٹر سنیل شرما کو تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ تمام مدعو ین کو ہفتہ کی شب قبل دعوت نامہ ارسال کردیا جائے اور اتوار کے دن کسی کو کوئی مشکل کا سامنا نہ رہے۔