نئی دہلی، 07 نومبر (یو این آئی) ہندوستانی فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیارے آئی ایل-76 ایم ڈی ‘گجراج’ نے چین کی سرحد کے قریب 13,629 فٹ کی بلندی پر واقع نیوما ایئر بیس پر کامیاب لینڈنگ کرکے تاریخ رقم کی ہے ۔ فضائیہ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کے ذریعے گجراج کی اس کامیابی کا ذکر کیا۔ فضائیہ نے کہا، ”13,629 فٹ کی بلندی، ہوا بازی کی تاریخ میں ایک نئی بلندی۔ ہندوستانی فضائیہ کے آئی ایل-76 ایم ڈی طیارے نے نیوما میں کامیابی کے ساتھ لینڈنگ کرکے تاریخ رقم کی ہے ۔ یہ دنیا میں اس طیارہ کی اب تک کی سب سے زیادہ بلندی پر لینڈنگ ہے ۔ یہ طیارے کی طویل مدتی صلاحیت کا غیر معمولی مظاہرہ ہے ۔ یہ عملے کی بہترین مہارت، درستگی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی علامت ہے ۔ فضائیہ نے کہا کہ یہ ایک تاریخی کامیابی ہے ، جو ہندوستان کی اسٹریٹجک فضائی نقل و حمل کی صلاحیت کو مزید مضبوط بناتی ہے ۔ فضائیہ نے کہا کہ حدود کو عبور کرجے ، سرحدوں کی نئی تعریف کرکے ، تاریخ رقم کرتے ہوئے ۔ قابل ذکر ہے کہ اسٹریٹجک اعتبار سے انتہائی اہم نیوما، حقیقی کنٹرول لائن (ایل اے سی) سے تقریباً 25 کلومیٹر دور واقع ہے ۔ اس ایئر بیس کے مکمل طور پر فعال ہونے اور یہاں بھاری طیاروں کی لینڈنگ کی سہولت سے مشرقی لداخ کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں فوجیوں، بھاری فوجی سازوسامان، توپوں اور ٹینکوں کی نقل و حرکت اور تعیناتی انتہائی آسان ہو جائے گی۔