بیجنگ: برما کی سرحد پر واقع اپنے صوبہ یوننان میں نیا ریڈار اسٹیشن بنا کر چین نے ہندوستان کے عسکری حلقوں میں ہلچل مچا دی. اسٹیشن پر نصب جدید ترین ’’لارج فیڈ ایرے ریڈار ‘‘5 ہزار کلومیٹر قطر میں ہندوستانی بحریہ، فضائیہ اور بری افواج کے میزائیلوں کی تمام سرگرمیاں نوٹ کرے گا، وہاں بحرہند اور خلیج بنگال میں تمام ہندوستانی میزائیلوں کے تجربات پر نظر رکھے گا۔ اس سسٹم میں رفتار اور ٹریجیکٹری ریکارڈ کرنے والے بہترین آلات نصب ہیں، حاصل شدہ ڈیٹا سے چین نہ صرف ہندوستانی میزائیلوں کی طاقت سے آگاہ ہو گا بلکہ وہ اپنے میزائیل ڈیفنس سسٹم کو طاقت ور بنا سکے گا۔ ہندوستانی عسکری حلقے یہ جان کر شدید تشویش میں مبتلا ہیں کہ اب خصوصاً بحر ہند میں انڈین نیوی کے تمام میزائیل تجربات اور جنگی طیاروں و ڈرون کی اڑانیں چین کی ’’آنکھ ‘‘بہت گہرائی وگیرائی سے دیکھ سکے گی یوں ہندوستانی بحریہ کی کمزوریاں چین سے چھپی نہیں رہ سکتیں۔