اداکارہ تریشا کے خلاف ناشائستہ ریمارکس کا الزام ۔ گرفتاری سرکس حکومت کی کامیڈی تھی ۔ ڈی ایم کے لیڈر کا رہائی کے بعد ردعمل
چینائی 4 اگسٹ ( ایجنسیز ) سینئر ڈی ایم کے لیڈر و ٹاملناڈو اسمبلی میں قائد اوزیشن اودئے ندھی اسٹالن کو آج اداکارہ تریشا کرشنن کے خلاف ان کے ریمارکس پر پولیس کی پوچھ تاچھ کے بعد رہا کردیا گیا ۔ اودئے ندھی اسٹالن نے اپنی رہائی کے بعد وجئے کی حکومت پر شدید تنقید کی اور ان کے پولیس اسٹیشن سے باہر آنے پر ان کے حامیوں نے ان کا شاندار استقبال کیا ۔ اسٹالن جونئیر نے کہا کہ ان کی گرفتاری ایک سرکس حکومت کی کامیڈی تھی ۔ انہوں نے وجئے کو ایک ڈمی چیف منسٹر قرار دیا ۔ اودئے ندھی اسٹالن نے کہا کہ ٹاملناڈو کی وجئے حکومت کاویری کا پانی فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور اسی اصل مسئلہ سے توجہ ہٹانے کیلئے ان کی گرفتاری کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تقریر کو نیشنل میڈیا پر بھی پیش کیا گیا ہے ۔ وہ کروناندھی کے پوتے اور اسٹالن کے بیٹے ہیں۔ وہ گرفتاری سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ اس مسئلہ سے قانونی طور پر نمٹا جائے گا ۔ ڈی ایم کے لیڈر نے مزید کہا کہ ان کا کسی کو بھی ٹھیس پہونچانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا ۔ خاص طور پر وہ خواتین کے جذبات کو ٹھیس پہونچانا نہیں چاہتے تھے ۔ ان کے خاندان نے ان کی اس طرح سے پرورش نہیں کی ہے ۔ وہ شادی شدہ ہیں۔ وہ اپنی بیوی کے ساتھ رہتے ہیں۔ ان کی بہنیں ہیں۔ وہ کسی غلط ارادہ سے اظہار خیال نہیں کر رہے تھے ۔ ان کی اصل تشویش یہی تھی کہ ان کے ریمارکس کو کوئی غلط سمجھ سکتا ہے ۔ قبل ازیں ٹاملناڈو میں آج زبردست سیاسی ڈرامہ دیکھا گیا جب چینائی پولیس نے قائد اپوزیشن اودئے ندھی اسٹالن کو معروف ادکارہ تریشا کے خلاف کچھ ناشائستہ ریمارکس کے سلسلہ میںحراست میں لے لیا ۔ بعد ازاں اپوزیشن پارٹی اس اقدام کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع ہوئی اور مدراس ہائیکورٹ نے پولیس کو حکم دیا کہ قائد اپوزیشن کو اس کیس کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کے بعد رہا کردیا جائے ۔ اس کے علاوہ عدالت نے قائد اپوزیشن کو بھی ہدایت دی کہ وہ تحقیقات میں ضرورت کے مطابق تعاون کریں۔ ڈی ایم کے ذرائع نے کہا کہ پولیس کی اودئے ندھی کی رہائش گاہ آمد کے فوری بعد عدالت میں پیشگی ضمانت کی درخواست دائر کی گئی تھی ۔ اودئے ندھی اسٹالن پر کل تھنجاور میں کاوری آبی تنازعہ پر احتجاجی جلسہ سے خطاب میں اداکارہ تریشا کے خلاف کچھ ناشائستہ ریمارکس کرنے کا الزام ہے ۔ اودئے ندھی اسٹالن نے پولیس حراست سے عین قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے سوال کیا کہ آیا انہوں نے کل تھنجاور میں احتجاجی مظاہرہ کے دوران چیف منسٹر کے علاوہ کسی اور کا نام لیا تھا ‘ ۔ اگر نہیں لیا تو پھر ایسا کیوں ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کا فیصلہ عدالت ہی کرے گی ۔ ساری کارروائی پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ایم کے کے سربراہ ایم کے اسٹالن نے ریاست کی ٹی وی کے حکومت پر تنقید کی اور اس پر ہٹ دھرمی کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سابق ڈپٹی چیف منسٹر کو گرفتار کرنے طاقت کا بیجا استعمال کیا گیا ہے ۔ اودئے ندھی اسٹالن کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔