حیدرآباد۔/31ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملوروی اور سکریٹری اے آئی سی سی سمپت کمار نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور گدوال میں عدالت کی تعمیر کے سلسلہ میں نمائندگی کی۔ گدوال بار اسوسی ایشن کی جانب سے حکومت سے نمائندگی کی گئی جس میں عدالت کی تعمیر کے سلسلہ میں بعض مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ حکومت نے فیملی کورٹ اور پوسکو کورٹ کی 12 اضلاع میں تعمیر کیلئے گذشتہ ماہ 972 کروڑ مختص کئے ہیں جس میں ہر ضلع کیلئے 81 کروڑ الاٹ کئے گئے۔ جن اضلاع کو یہ رقم جاری کی گئی ان میں منچریال، نرمل، سرسلہ، پدا پلی، محبوب نگر، گدوال، ونپرتی، بھونگیر، بھوپال پلی، ملگ، جنگاؤں، وقارآباد شامل ہیں۔ گدوال بار اسوسی ایشن نے حکومت سے نمائندگی کرتے ہوئے گدوال کی عدالت کیلئے الاٹ کردہ 60.13 ایکر اراضی کا استعمال کیا جائے۔ سمپت کمار اور ڈاکٹر ملوروی نے چیف منسٹر سے ملاقات کے دوران بار اسوسی ایشن کی جانب سے کی گئی نمائندگی کی تفصیلات پیش کی۔ ڈاکٹر ملوروی اور سمپت کمار نے چیف منسٹر سے اپیل کی کہ بار اسوسی ایشن کی تجاویز کے مطابق عدالت کی عمارت تعمیر کی جائے۔ چیف منسٹر نے تیقن دیا کہ وہ اس مسئلہ پر عہدیداروں سے بات چیت کریں گے۔1