جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا صحافیوں کیساتھ دورہ ، دریائے کرشنا کے پانی کو محبوب نگر کیلئے مختص کرنے پر زور
محبوب نگر ۔ 20 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈنڈی پراجیکٹ کے تعمیری کاموں کو فوری روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے زیرالتواء پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے تشکیل دی گئی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیرمین راجندر ریڈی و دیگر قائین راگھوا چاری، ایڈوکیٹ جناردھن، چنا کشٹیا، بی رامچندر ریڈی، لکشما ریڈی، سدانند گوڑ، ویرا برہمچاری نے ہفتہ کے دن مستقر محبوب نگر کے صحافیو ںکے ساتھ پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دریائے کرشنا کے پانی کو محبوب نگر کیلئے مختص کرنا ہوگا، بصورت دیگر ضلع کے عوامی قائدین و نمائندے اپنے عہدوں سے مستعفی ہوجائیں۔ انہوں نے صحافیوں کو ضلع ونگور منڈل کے اُلپرا موضع کے پاس ڈی ایل آئی جو ڈنڈی پراجیکٹ کے تحت غیرمجاز تعمیر کیا جارہا ہے۔ اس کا مشاہدہ کروایا۔ اس پراجیکٹ سے محبوب نگر کے کسانوں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہوگی۔ ضلع میں 29 سال قبل جے ایل آئی کاموں کا آغاز ہوا تھا۔ اسی طرح 10 سال پہلے پالمور محبوب نگر ۔ رنگاریڈی پراجیکٹ کا بھی آغاز ہوا تھا جو آج تک بھی ادھورا ہی ہے، لیکن 6 سال میں بغیر کسی منظوری کے ڈنڈی پراجیکٹ کو کیسے مکمل کرلیا گیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ محبوب نگر کے پراجیکٹس کیلئے فنڈز نہیں تو ڈنڈی پراجیکٹ کیلئے فنڈز کیسے آگئے؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کاموں کو فوری طور پر روکا جائے، ورنہ بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے جاریہ ماہ کی 27 تاریخ کو پدیاترا کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کو ڈنڈی پراجیکٹس سے ہونے والے نقصانات سے بھی واقف کروایا۔