ڈونالڈ ٹرمپ امریکی تاریخ کے کرپٹ ترین صدر

   

ایران کیخلاف جنگ سے ٹرمپ کی پسندیدہ تیل کمپنیوں کو فائدہ، امریکی ڈیموکریٹ سینیٹر الزبتھ وارن کا الزام
واشنگٹن۔ 31 اگست (ایجنسیز) امریکی ڈیموکریٹ سینیٹر الزبتھ وارن نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو امریکی تاریخ کا ’’سب سے کرپٹ صدر‘‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کے نتیجے میں ٹرمپ کے قریب سمجھی جانے والی بڑی تیل کمپنیوں کو غیر معمولی مالی فائدہ پہنچ رہا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق میساچوسٹس میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر الزبتھ وارن نے ٹرمپ کی ایران کے خلاف جنگی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ الزبتھ وارن نے الزام عائد کیا کہ ٹرمپ کے قریب سمجھے جانے والے بعض تیل کاروباری افراد نے ان کی انتخابی مہم کے لیے بڑی رقوم عطیہ کیں جبکہ اب ایران کے خلاف جنگ کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں اور عالمی مارکیٹ میں پیدا ہونے والی صورتحال سے بڑی تیل کمپنیوں کو فائدہ حاصل ہورہا ہے۔ ڈیموکریٹ سینیٹر نے کہا کہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسی صورتحال کی نشاندہی کریں اور اس کے خلاف آواز بلند کریں، اگر امریکی عوام پٹرول کی قیمتوں میں کمی چاہتے ہیں تو ایران کے خلاف جنگ کا خاتمہ ضروری ہے۔ الزبتھ وارن کے مطابق ایران کے خلاف جنگ ختم کرنا توانائی کی قیمتوں میں کمی کی جانب ایک اہم قدم ہوسکتا ہے کیونکہ جنگ کے باعث عالمی توانائی کی منڈی میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے اور تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے ٹرمپ کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ کا بوجھ بالآخر امریکی عوام کو بھی برداشت کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ دوسری جانب تیل کے شعبہ سے وابستہ بعض بڑی کمپنیوں کو بڑھتی ہوئی قیمتوں اور مارکیٹ میں پیدا ہونے والی بے یقینی سے فائدہ پہنچ رہا ہے۔ سینیٹر الزبتھ وارن کی جانب سے یہ سخت تنقید ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی اور اس کے نتیجے میں عالمی توانائی کی منڈی پر پڑنے والے اثرات امریکہ میں سیاسی بحث کا اہم موضوع بن چکے ہیں۔ ایران کے خلاف جنگ کے باعث عالمی سطح پر تیل کی ترسیل، قیمتوں اور توانائی کی سلامتی سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکی ڈیموکریٹ سینیٹر کی تازہ تنقید سے ٹرمپ انتظامیہ کی ایران پالیسی پر اندرونی سیاسی اختلافات بھی مزید نمایاں ہوگئے ہیں۔