حیدرآباد۔/14 اپریل، ( سیاست نیوز) بی آر ایس سے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے خیریتآباد رکن اسمبلی ڈی ناگیندرکو نااہل قرار دینے کیلئے داخل کردہ درخواست پر تلنگانہ ہائی کورٹ میں کل 15 اپریل پیر کو سماعت مقرر ہے۔ بی آر ایس رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی نے رٹ پٹیشن دائر کرتے ہوئے اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دیئے بغیر کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے پر ڈی ناگیندر کو نااہل قرار دینے کی درخواست کی ہے۔ اس سلسلہ میں اسپیکر اسمبلی کو ہدایت دینے ہائی کورٹ سے درخواست کی گئی۔ کوشک ریڈی نے اپنی درخواست میں کہا کہ ناگیندر بی آر ایس کے ٹکٹ اور نشان پر خیریت آباد سے منتخب ہوئے۔ حال ہی میں انہوں نے باقاعدہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی اور کانگریس نے انہیں سکندرآباد لوک سبھا حلقہ سے امیدوار بنایا ہے۔ اسپیکر کو بی آر ایس پارٹی نے 18 مارچ کو نمائندگی کرتے ہوئے ناگیندر کو نااہل قرار دینے کی اپیل کی تھی۔ اسپیکر پرساد کمار نے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا لہذا بی آر ایس نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔1