چنڈی گڑھ: پنجاب کے دیہی ترقی اور پنچایت کے وزیر ترون پریت سنگھ سوند نے کہا کہ پنجاب میں پچھلے ڈیڑھ ماہ میں منریگا کے 65,607 نئے جاب کارڈ بنائے گئے ہیں۔ جنوری میں محکمہ کی پہلی جائزہ میٹنگ کے دوران، مسٹرترون پریت سنگھ سوندنے تمام ضلعی عہدیداروں کو حکم دیا تھا کہ وہ گاؤوں میں زیادہ سے زیادہ کیمپوں کا اہتمام کریں تاکہ ضرورت مندوں اور جو افراد رہ گئے ہیں ان لوگوں کے فوری طور پر منریگا کے تحت کارڈ بنائے جائیں۔ وزیر پنچایت کے ان احکامات کے بعد پنجاب بھر کے گاؤوں میں 10,533 کیمپ لگا کر 65,607 نئے جاب کارڈ بنائے گئے ہیں۔ ان میں معذور افراد کے 2,180 جاب کارڈ شامل ہیں۔ اس طرح اس وقت پنجاب میں منریگا کے تحت کل 12,27,603 جاب کارڈ استعمال ہورہے ہیں۔ سوند نے کہا کہ گاؤوں میں زیادہ سے زیادہ روزگار فراہم کرنے کے مقصد سے منریگا جاب کارڈ بنانے کے لیے خصوصی کیمپ منعقد کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ یہ سلسلہ مزید جاری رکھیں۔