کابینہ کا 9 مارچ کو پرگتی بھون میں اجلاس

   

تعمیر امکنہ کیلئے تین لاکھ معاوضہ اور دیگر امور پر غور کا امکان
حیدرآباد۔/4 مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں 9 مارچ کو دوپہر 2 بجے پرگتی بھون میں کابینہ کا اجلاس منعقد ہوگا، جس میں کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے فیصلے کئے جانے کا امکان ہے۔ حکومت نے ذاتی اراضیات رکھنے والے غریب عوام کو مکانات کی تعمیرات کیلئے تین لاکھ روپئے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے اس کے رہنمایانہ خطوط پر کابینہ اجلاس میں تبادلہ خیال کرنے کے قوی امکانات ہیں۔ گھروں کی تعمیرات کیلئے پٹہ اراضیات تقسیم کرنے کا حکومت سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے، اس پر بھی کابینہ اجلاس میں بات چیت کرتے ہوئے قطعی فیصلہ کرنے کا امکان ہے۔ اس مسئلہ پر ریاستی وزیر کے ٹی آر کی قیادت میں تشکیل دی گئی کابینی سب کمیٹی نے اپنا اجلاس طلب کرتے ہوئے مختلف امور کا جائزہ لیا ہے۔ جن مقامات پر صرورت ہے وہاں مکانات کی تعمیرات کیلئے اراضیات تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس مسئلہ پر بھی کابینہ اجلاس میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ارکان اسمبلی کوٹہ کونسل کی تین مخلوعہ ہونے والی نشستوں کیلئے الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ گورنر کوٹہ کے ارکان کی بھی میعاد مکمل ہورہی ہے۔ ان مخلوعہ ہونے والی نشستوں کے بارے میں غور کرنے کا امکان ہے۔ن