کالیشورم معاملہ کی سی بی آئی تحقیقات سے مرکز کو کس نے روکا ؟

   

بی جے پی رکن سے ریاستی وزیر سریدھر بابو کا سوال
حیدرآباد۔/14فروری، ( سیاست نیوز) وزیر امور مقننہ ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان مفاہمت کے امکانات ہیں اور عوام کا تاثر ہے کہ کانگریس کے خلاف دونوں مفاہمت کرسکتے ہیں۔ تلنگانہ اسمبلی میں بجٹ پر مباحث کے دوران مداخلت کرتے ہوئے سریدھر بابو نے بی جے پی رکن مہیشور ریڈی کے الزامات کو مسترد کردیا جس میں انہوں نے بی آر ایس اور کانگریس میں دوستی کا الزام عائد کیا۔ سریدھر بابو نے کہا کہ کسی بھی معاملہ میں تحقیقات کیلئے مرکز کو مکمل اختیارات ہیں۔ اگر مرکزی حکومت چاہے تو کالیشورم پراجکٹ کی دھاندلیوں کی سی بی آئی تحقیقات کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون میں تلنگانہ سے کئے گئے کئی وعدوں کی تکمیل باقی ہے۔ بی جے پی کو وعدوں کی تکمیل کیلئے مرکز پر دباؤ بنانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے انتخابی منشور میں کالیشورم پراجکٹ دھاندلیوں کی عدالتی تحقیقات کا وعدہ کیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی وعدہ کی تکمیل کے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ میں دھاندلیوں میں ملوث افراد کو بے نقاب کیا جائے گا۔ وزیر امور مقننہ نے اسپیکر کی اجازت کے بغیر ایوان میں ریونت ریڈی کا ویڈیو کلپ دکھانے بی جے پی رکن کی کوشش پر اعتراض کیا۔ مہیشور ریڈی کو ایوان میں آڈیو یا ویڈیو چلانے کی اجازت نہیں دی گئی۔1

آئی پی ایس عہدیدار اپوروا راؤ آر ٹی سی کی پہلی خاتون جائنٹ ڈائرکٹر
حیدرآباد۔/14 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت اسکیم پر موثر عمل آوری کیلئے حکومت نے خاتون آئی پی ایس عہدیدار کے اپوروا راؤ کو آر ٹی سی کے جائنٹ ڈائرکٹر کے عہدہ پر فائز کیا ہے۔ اپوروا راؤ آر ٹی سی کی پہلی خاتون جائنٹ ڈائرکٹر ہوں گی۔ انہوں نے بس بھون میں اپنی نئی ذمہ داری سنبھال لی۔ 2014 آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والی اپوروا راؤ کا تعلق حیدرآباد سے ہے اور انہوں نے ونپرتی، گدوال اور نلگنڈہ کے سپرنٹنڈنٹ پولیس کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں۔ آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر وی سی سجنار نے اپوروا راؤ کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ آر ٹی سی کی ترقی میں وہ اہم رول ادا کریں گی۔1