پولیس میںبھرتی کیلئے تربیت پانے والے امیدواروں سے نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘ کا خطاب
حیدرآباد۔4اگست(سیاست نیوز) پولیس میں بھرتی اور دیگر مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ سے خطاب میں جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر ’سیاست‘نے کہاکہ اللہ تعالیٰ سے اپنی کامیابی کی مکمل امید کے ساتھ محنت کرنے والوں کی تقدیر بدلنے دیر نہیں لگتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس اُمید کے ساتھ محنت مشقت او ر دعا کرنا چاہئے کہ اللہ ہماری دعا کو قبول کرتا ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر امیر المومنین سید نا علی المرتضی ؓ کے قول کا بھی ذکر کیا اور کہاکہ اللہ تعالیٰ ہماری دعائوں کو بھی یقینا قبول کرتا ہے اور اگر دعا قبول نہیںہوتی ہے تو اس میںبھی اللہ تعالی اپنے بندوں کی بھلائی پوشیدہ رکھتا ہے۔ جناب عامر علی خان نے طلباء اورطالبات کو تلقین کی کہ امتحانات میں ناکامی ہوتو دلبرداشتہ ہونے کی بجائے آئندہ امتحان کی تیاری میں مصروف ہوجائے اورمنزل حاصل ہونے تک جدوجہد جاری رکھنا چاہئے۔جناب عامر علی خان نے کہاکہ 4 فیصد تحفظات کے ساتھ مسلم اقلیت کو سرکاری ملازمت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مرکز بھی مرکزی اداروں اور سرکاری عہدوں پر مسلمانوں کا تقرر کرنے مجبور ہے کیونکہ عرب و مشرقی ممالک کے اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک سے متعلق الزامات سے انہیں بچنا ہے۔جناب عامر علی خان نے 7اگست اور22اگست کو پولیس بھرتی امتحانات کے تمام امیدواروں کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔کانسٹبل ‘ہیڈ کانسٹبل و سب انسپکٹر عہدہ کیلئے مسابقتی امتحانات کے امیدواروں کو کوچنگ دینے والے مجیب الرحمن نے کہاکہ جناب عامرعلی خان کی ہدایت اورخرچ پر ہر روز 50سے 70امیدوار ادارہ ’سیاست‘ کے محبوب حسین جگر حال میں تربیت پا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ گریجویٹ طلباء کے علاوہ کانسٹبل اور گروپس IV امتحانات کیلئے طلبا وطالبات کو تربیت دی جارہی ہے۔ یکم جولائی سے یہ کلاسیس چل رہی ہیں جو دوپہر2:30بجے سے شام 7بجے تک جاری رہتی ہیں ۔ کلاسیس کا بھی جلد اہتمام کیاجائیگا۔انہوں نے مجوزہ امتحانات میں صد فیصد نتائج کی امیدظاہر کی ہے۔