کامیابی کیلئے صرف خواب دیکھنا کافی نہیں ہے ، شرمندہ تعبیر کیلئے محنت لازمی ہوتی ہے

   

راما گنڈم کے نوجوان نے محنت و جستجو سے پیرا گلائیڈر بنایا ، 20 منٹ تک ہوا میں اُڑتے ہوئے ٹرایل رن میں بھی کامیاب
حیدرآباد :۔ محنت اور سچی لگن کبھی رائیگاں نہیں جاتی بلکہ ایک دن رنگ لاتی ہے ۔ خواب دیکھنا بری بات نہیں ہے بلکہ خوابوں کی شرمندہ تعبیر کے لیے جدوجہد کرنے والوں کی ہی کامیابی قدم چومتی ہے ۔ ایسا ہی ایک واقعہ ضلع پداپلی کے راما گنڈم میں پیش آیا ۔ ریلوے کالونی کے اے ارجن نے پیرا گلائیڈر تیار کیا اور جینکو کے گراونڈ پر ٹرایل رن کرتے ہوئے کامیاب بھی ہوا ۔ اس نوجوان نے پیرا گلائیڈر کی مدد سے 20 منٹ تک ہوا میں اُڑتے ہوئے دم بخود کردینے والے حیرت انگیز مظاہرہ کرتے ہوئے ناظرین کو متاثر کیا ۔ بی کام کی تعلیم حاصل کرنے والے ارجن کو بچپن سے پیرا گلائیڈر میں اڑنے کا شوق تھا اور وہ چاہتا تھا کہ وہ خود پیرا گلائیڈر بنائے ۔ تین سال کی محنت کے دوران اس نوجوان نے پیراگلائیڈر بنانے کے لیے امریکہ اور اٹلی سے 15 لاکھ روپئے کی اشیاء منگوائی اور خود اس کو ڈیزائن کرنے کے بعد 20 منٹ تک ہوا میں گھومتے ہوئے اپنے خواب کو شرمندہ تعبیر بھی کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ارجن نے کہا کہ انہیں اپنے خواب کو حقیقت میں بدلتے ہوئے کافی خوشی محسوس ہورہی ہے ۔ اس نوجوان نے کہا کہ حکومت حیدرآباد میں منعقد ہونے والے ایڈونچر ایونٹس کے لیے ملک کے دوسری ریاستوں سے آنے والے گلائیڈرس کو مدعو کررہی ہے ۔ اگر ان جیسے ریاست کے نوجوانوں کو موقع فراہم کیا جائے تو وہ بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے پوری طرح تیار رہیں گے ۔۔