کانگریس حکومت بدعنوانیوں کا شکار ‘قائدین میں جھگڑے : کے سی آر

   

بی آر ایس کا روشن مستقبل، 12 مارچ کو کریم نگر میں جلسہ عام منعقدہوگا
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نے کہا کہ کانگریس کے قائدین خود آپس میں لڑ جھگڑ رہے ہیں ۔ بی آر ایس کا مستقبل روشن ہے ، کانگریس حکومت کے خلاف عوامی ناراضگی شروع ہوگئی ہے ۔ تلنگانہ بھون میں سابق چیف منسٹر کے سی آر نے کھمم اور محبوب آباد لوک سبھا حلقوں کے پارٹی قائدین کا اجلاس طلب کیا ۔ لوک سبھا انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ امیدواروں کے انتخاب کے بارے میں پارٹی قائدین کی رائے حاصل کی ۔ تاحال بی آر ایس پار ٹی نے 17 کے منجملہ 4 امیدواروں کا اعلان کردیا ہے ۔ 12 مارچ کو کریم نگر میں جلسہ عام کا اہتمام کرتے ہوئے پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد کھمم میں پارٹی کا جلسہ عام منعقد ہوگا ۔ کے سی آر نے کہا کہ حکومت تشکیل دینے کے اندرون 100 دن کانگریس پارٹی میں اختلافات اور گروپ بندیاں شروع ہوگئی ہے اور کانگریس قائدین ایک دوسرے کے خلاف جنگ کر رہے ہیں۔ آپسی جھگڑوں سے کانگریس حکومت نازک دور سے گزر رہی ہے ۔ وعدوں کی تکمیل میں کانگریس حکومت ناکام ہوگئی ہے اور عوام کانگریس حکومت پر ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں ۔ کانگریس قائدین کو حکمرانی کا تجربہ نہیں ہے۔ حکومت پر بدعنوانیوں کے الزامات قائد ہورہے ہیں ۔عوام کانگریس کو ووٹ دے کر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔ لہذا مستقبل بی آر ایس کا ہے ۔ پارٹی قائدین متحد ہوجائیں اور لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگایئے ۔ پارٹی کے قائدین اور کارکنوں میں رابطہ اور تال میل پیدا کرنے کیلئے ہر اسمبلی حلقہ کیلئے تین ارکان پر مشتمل رابطہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ 2