کانگریس حکومت موسیٰ ندی پراجکٹ کو مکمل کرے گی : ڈی سریدھر بابو

   

مرکز صرف بی جے پی زیر قیادت ریاستوں پر مہربان، تلنگانہ نظرانداز
حیدرآباد 18 مارچ (سیاست نیوز) وزیر صنعت و آئی ٹی بی سریدھر بابو نے کہا کہ لاکھ مخالفتوں اور رکاوٹوں کے باوجود کانگریس حکومت موسیٰ ریور پراجکٹ کو مکمل کرے گی اور شہر حیدرآباد میں ایک نئے سیاحتی مقام کو ترقی دے گی۔ قانون ساز کونسل نے وقفہ سوالات کے دوران مہیش کمار گوڑ، بی وینکٹ، پی جیون ریڈی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ مرکز اترپردیش، گجرات کے علاوہ بی جے پی کی زیر قیادت ریاستوں میں ندیوں کو فروغ دینے بڑے پیمانے پر فنڈس جاری کر رہا ہے۔ تلنگانہ حکومت موسیٰ ندی کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے اقدامات کررہی ہے مگر مرکز سے کوئی تعاون حاصل نہیں ہو رہا ہے اور ساتھ ہی بی آر ایس اور بی جے پی سے اس کی مخالفت کرکے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے جبکہ کانگریس حکومت موسیٰ ندی کے کنارے رہنے والوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہی ہے۔ مذاکرات کامیاب ہوئے ہیں۔ 309 متاثرین کو ڈبل بیڈروم مکانات فراہم کئے گئے ہیں۔ خواتین کو خود روزگار حاصل کرنے 2 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جارہی ہے جس میں 1,40,000 روپے سبسیڈی شامل ہے۔ حکومت سے حیدرآباد کو آلودگی سے پاک بنانے اور بہتر زندگی فراہم کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں تعمیری رول ادا کرنے کی بجائے تنقید برائے تنقید کرکے ایک طرف ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کررہی ہیں دوسری طرف عوام میں غلط فہمیاں پیدا کررہے ہیں۔ باوجود اسکے کانگریس حکومت موسیٰ ندی پراجکٹ کو مکمل کریگی۔ یہ پراجکٹ صرف حیدرآباد تک محدود نہیں ہے بلکہ نلگنڈہ میں بھی اس سے کئی ایکڑ اراضی کو پانی فراہم کیا جائیگا۔ 2