کانگریس رکن اسمبلی راج گوپال ریڈی کی امیت شاہ سے ملاقات

   

عنقریب بی جے پی میں شمولیت ، ضمنی چناؤ میں کامیابی کی منصوبہ بندی
حیدرآباد 22 ۔ جولائی (سیاست نیوز) انتخابی تیاریوں کے تحت تلنگانہ میں سیاسی وفاداریوں کی تبدیلی کا عمل تیز ہوچکا ہے۔ کانگریس کی جانب سے ٹی آر ایس قائدین کو پارٹی میں شامل کیا جارہا ہے تو دوسری طرف بی جے پی نے کانگریس رکن اسمبلی کے راج گوپال ریڈی کو شمولیت کیلئے راضی کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ راج گوپال ریڈی جو منگوڑ اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں، عنقریب بی جے پی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ وہ 30 اگست سے قبل اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے دیں گے۔ بی جے پی نے تلنگانہ میں ایک اور ضمنی چناؤ میں کامیابی کی حکمت عملی تیار کی ہے ۔راج گوپال ریڈی کے استعفیٰ کی صورت میں منگوڑ اسمبلی حلقہ میں ضمنی چناؤ ہوگا اور بی جے پی راج گوپال ریڈی کو امیدوار بناکر کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے۔ واضح رہے کہ راج گوپال ریڈی کے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے سخت اختلافات ہیں۔ ریونت ریڈ ی کو صدر پردیش کانگریس مقرر کئے جانے کے بعد سے راج گوپال ریڈی پارٹی سرگرمیوں سے دور ہیں۔ اسی دوران راج گوپال ریڈی نے دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی۔ دو دن قبل یہ ملاقات 45 منٹ کی رہی جس میں شمولیت اور ضمنی چناؤ کے منصوبہ کو قطعیت دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ جھارکھنڈ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے ملاقات کا اہتمام کرایا۔ راج گوپال ریڈی نے امیت شاہ کو یقین دلایا کہ ضمنی چناؤ میں وہ کامیاب ہونگے اور بی جے پی کی طاقت میں اضافہ ہوگا۔ راج گوپال ریڈی کی بی جے پی میں شمولیت پر سابق میں اطلاعات گشت کرچکی ہیں لیکن انہوں نے تردید کی تھی ۔ اس مرتبہ راج گوپال ریڈی نے یہ کہتے ہوئے بی جے پی میں شمولیت کا اشارہ دیا کہ ٹی آر ایس کو شکست دینے کی اہلیت بی جے پی کے پاس ہے اور وہ اسی پارٹی میں شامل ہوں گے جو ٹی آر ایس کو شکست دے پائے گی۔ راج گوپال ریڈی کانگریس میں پارلیمنٹ کے رکن اور ایم ایل سی رہ چکے ہیں۔ر