میں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ نہیں کیا، ناراض سرگرمیاں ہائی کمان کیلئے دردِ سر
حیدرآباد۔/12 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس میں ایک نیا تنازعہ ہائی کمان کیلئے درد سر بن چکا ہے۔ سابق رکن اسمبلی اور اے آئی سی سی پروگرام عمل آوری کمیٹی کے صدرنشین اے مہیشور ریڈی کو پردیش کانگریس کمیٹی کی تادیبی کارروائی کمیٹی نے وجہ نمائی نوٹس جاری کی ہے۔ مہیشور ریڈی نے وجہ نمائی نوٹس کی اجرائی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ تادیبی کارروائی کمیٹی کے صدرنشین ڈاکٹر جی چنا ریڈی نے نوٹس میں کہا ہے کہ پارٹی قائدین کی جانب سے کئی شکایات ملی ہیں کہ آپ مخالف پارٹی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ اس بات کی بھی شکایت ملی ہے کہ آپ بی جے پی سے قریب ہورہے ہیں اور ریاست میں کانگریس کی قیادت کے خلاف سخت ریمارکس کررہے ہیں۔ مہیشور ریڈی کو اندرون ایک گھنٹہ وضاحت کی ہدایت دی گئی بصورت دیگر یہ تصور کیا جائے گا کہ وضاحت کرنے کیلئے کچھ نہیں ہے اور تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ مہیشور ریڈی کی بی جے پی میں امکانی شمولیت کی اطلاعات کے دوران یہ نوٹس جاری کی گئی۔ واضح رہے کہ مہیشور ریڈی نے حال ہی میں پدیاترا کا اعلان کیا تھا لیکن ہائی کمان نے درمیان میں ہی پدیاترا کو روک دیا۔ جس کے بعد سے مہیشور ریڈی پارٹی سرگرمیوں سے دور ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق وہ بی جے پی میں شمولیت کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ نوٹس پر مہیشور ریڈی نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میں اے آئی سی سی پروگرام عمل آوری کمیٹی کا صدرنشین ہوں، مجھے سونیا گاندھی نے مقرر کیا ہے لہذا مجھے اے آئی سی سی کو نوٹس دینے کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں نئے شامل افراد قواعد سے ناواقف ہیں۔ مہیشور ریڈی نے کہا کہ پارٹی چھوڑنے کے بارے میں میرے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔ وقفہ وقفہ سے اس طرح کی مہم افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن افراد نے نوٹس جاری کی ہے انہیں اس کا اختیار نہیں۔ بعض افراد میرے خلاف جان بوجھ کر کارروائی کررہے ہیں اور مجھے پارٹی سے باہر بھیجنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کو پردیش کانگریس کی صدارت کیلئے میں نے تائید کی تھی، میں نے انہیں صدر پردیش کانگریس بنانے کیلئے سینئر قائدین کے ساتھ اختلافات دور کرنے میں اہم رول ادا کیا تھا۔ مہیشور ریڈی نے کہا کہ کبھی انہوں نے پارٹی حدود سے تجاوز نہیں کیا ہے اور صرف داخلی اجلاس میں اپنی رائے کا اظہار کیا۔ ریونت ریڈی کا میں احترام کرتا ہوں، سینئر قائدین نے میری قیامگاہ پر اجلاس طلب کیا تھا لیکن ڈگ وجئے سنگھ کی خواہش پر میں نے اجلاس ملتوی کردیا۔ مہیشور ریڈی نے کہا کہ وہ صدر اے آئی سی سی ملکارجن کھرگے سے ملاقات کریں گے۔ اگر مجھے پارٹی تبدیل کرنا ہے تو باقاعدہ استعفی دے کر جاؤں گا۔ میں نے کسی دن بھی پارٹی بدلنے کے بارے میں اظہار خیال نہیں کیا۔ر