٭ گاندھی خاندان کو ڈرایا نہیں جاسکتا، گجرات میں شکست کے خوف سے انتقامی کارروائی، میناکشی نٹراجن
٭ بھٹی وکرمارکا ، عامر علی خاں، وزراء ، کارپوریشن صدورنشین و عوامی نمائندوں کی شرکت، مرکز کیخلاف نعرہ بازی
حیدرآباد 17 اپریل (سیاست نیوز) نیشنل ہیرالڈ کیس میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے خلاف چارج شیٹ پر بطور احتجاج پردیش کانگریس نے آج حیدرآباد میں ای ڈی آفس کے روبرو دھرنا منظم کیا۔ کل ہند کانگریس نے ملک بھر میں پارٹی قائدین سے احتجاج کی اپیل کی تھی، جس کے پیش نظر حیدرآباد اور مختلف اضلاع میں پارٹی نے دھرنا اور احتجاج منظم کیا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے قیادت کی۔ دھرنے میں اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن، سکریٹری اے آئی سی سی وشواناتھن ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، وزراء سریدھر بابو ، دامودر راج نرسمہا ، جوپلی کرشنا راؤ ، پونم پربھاکر ، کونڈا سریکھا ، ٹی ناگیشور ، رکن قانون ساز کونسل عامر علی خاں ، صدرنشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی ، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال ، جنرل سکریٹری پردیش کانگریس و انچارج نامپلی محمد فیروز خاں ، صدر ٹمریز فہیم قریشی، صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو ، چیف منسٹر کے مشیر وی نریندر ریڈی ، اے آئی سی سی سکریٹریز ومشی چند ریڈی ، وی وسنت کمار ، رکن کونسل بی وینکٹ ، نائب صدر پردیش کانگریس ونود ریڈی و ارکان اسمبلی اور سینئر قائدین نے شرکت کی۔ میناکشی نٹراجن و دیگر قائدین نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے ذریعہ گاندھی خاندان کو ہراساں کرنے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی بڑھتی مقبولیت کے نتیجہ میں بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر سیاسی انتقامی کارروائی کی گئی ہے ۔ میناکشی نٹراجن نے الزام عائد کیا کہ اپوزیشن کو کمزور کرنے کیلئے سی بی آئی ، ای ڈی اور دیگر اداروں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ بہار ، گجرات کے اسمبلی انتخابات میں شکست کے خوف سے مرکز نے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو نشانہ بنایا ہے۔ میناکشی نٹراجن نے بتایا کہ راہول گاندھی نے پارلیمنٹ میں اعلان کیا تھا کہ وہ گجرات میں بی جے پی کو شکست دینے آرہے ہیں۔ ان کے اعلان کے بعد بی جے پی نے انتقامی کارروائی کا منصوبہ بنایا اور ای ڈی کے ذریعہ چارج شیٹ داخل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی 10 سالہ حکومت میں ملک میں صورتحال ابتر ہوچکی ہے۔ نئی نسل کا مستقبل تاریک دکھائی دے رہا ہے۔ حکومت کی ناکامیوں کی پردہ پوشی کیلئے کانگریس قائدین کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ہندو راشٹرا کے نعرہ پر مذاہب کے درمیان نفرت کا ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے۔ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ بی جے پی حقیقی معنوں میں ہندو سماج کی ہمدرد نہیں ہے ۔ ملک میں غریب اور متوسط طبقات کئی مسائل کا شکار ہیں۔ راہول گاندھی نے ملک بھر میں طبقاتی سروے کا مطالبہ کیا۔ تلنگانہ میں طبقاتی سروے کا اہتمام کرکے پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کئے گئے اور ایس سی زمرہ بندی پر عمل آوری کا آغاز ہوا ہے۔ راہول گاندھی غریبوں کو انصاف دلانے اور کمزوروں کو سماجی انصاف کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں گاندھی خاندان پر الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ہندوستان کے خلاف بھاری ٹیرف عائد کردیا لیکن مودی خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکن مقدمات سے خوفزدہ نہیں ہوں گے اور راہول گاندھی کو ملک کے وزیراعظم بنانے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گو ڑ نے کہا کہ گجرات میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں سے نریندر مودی خوفزدہ ہیں۔ گجرات میں شکست کے خوف سے راہول گاندھی اور سونیا گاندھی کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ مقدمات سے دستبرداری تک کانگریس کا احتجاج جاری رہے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ گاندھی خاندان اور کانگریس کارکنوں کو مقدمات سے خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے انگریزوں کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے ملک کو آزادی دلائی ۔ جو پارٹی انگریزوں سے نہیں ڈری وہ بی جے پی سے خوف کیوں کھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی خاندان جدوجہد اور قربانیوں کی تاریخ رکھتا ہے۔ نیشنل ہیرالڈ اخبار نے ملک کی آزادی میں اہم رول ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ گاندھی خاندان کو مقدمات سے ڈرایا جائے گا ۔ دھرنے کے دوران کانگریس کارکنوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف نعرہ بازی کی۔ کانگریس کارکن مرکزی حکومت اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے خلاف پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے۔1