کاکروچ جنتاپارٹی کے آج جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرے

,

   

نئی دہلی، 5 جون (یو این آئی) سوشل میڈیا پر مقبول تنظیم ‘کاکروچ جنتا پارٹی’ کے احتجاجی مظاہرے کی اپیل کے بعد، خفیہ ایجنسیوں سے ملنے والی معلومات کے پیشِ نظر دہلی پولیس کو ہفتہ، 06 جون کو ہونے والے اس ممکنہ مظاہرے کے مدِ نظر الرٹ پر رکھا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق، خفیہ ان پٹ نے اس ممکنہ بھیڑ کے حوالے سے تشویش بڑھا دی ہے ، حالانکہ دہلی پولیس کو اب تک اس کے لیے کوئی رسمی اجازت نامے کی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے ۔ افسران نے کہا کہ ان کے پاس اس احتجاجی مظاہرے کے بارے میں کوئی سرکاری اطلاع نہیں ہے اور اس مرحلے پر دستیاب معلومات صرف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ہی سامنے آ رہی ہیں۔ عام طور پر، انتظامیہ پیشگی اجازت کے بغیر کسی بھی مظاہرے کی اجازت نہیں دیتی۔اس دوران، ابھیجت دیپکے نامی شخص نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ مجوزہ احتجاجی مظاہرے میں شامل ہونے کے لیے امریکہ سے ہندوستان کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ اس کے بعد کی ایک اپڈیٹ میں انہوں نے واضح کیا کہ ان کا گروپ کوئی بھی مظاہرہ کرنے سے پہلے پولیس سے باقاعدہ اجازت مانگے گا۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے یہ اپیل بھی کی کہ وہ ان کی ہندوستان آمد پر اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر جمع نہ ہوں اور کسی بھی صورت میں امن و امان کی صورتحال کو متاثر نہ ہونے دیں۔سکیورٹی ایجنسیاں اس پورے واقعے اور صورتحال پر مسلسل گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔