نوئیڈا :یوپی کے کسانوں نے اپنے مختلف مطالبات کو لیکر دہلی۔نوئیڈا۔چھلہ سرحد سے پارلیمنٹ کی طرف مارچ کیا۔ کسانوں نے نوئیڈا سے دہلی کا راستہ بند کردیاہے۔ مہامایا فلائی اوور کے نیچے ہزاروں کسان جمع ہوئے۔ ہزاروں کسان دہلی جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔کسان جو معاوضے سے متعلق مطالبات کو لے کر نوئیڈا اتھارٹی کے گیٹ پر احتجاج کر رہے تھے، جمعرات کو پارلیمنٹ کی طرف مارچ کیا۔ اس کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے سیکٹر 6 اودیوگ مارگ پر گاڑیوں کی آمدورفت کو جزوی طور پر روک دیا۔ کسانوں کے احتجاجی مارچ کے پیش نظر دہلی۔نوئیڈا، چھلہ بارڈر پر سیکورٹی بڑھا دی گئی ۔ ساتھ ہی کئی کسان لیڈروں کو ان کی رہائش گاہ پر ہی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ بھارتیہ کسان یونین کے قومی صدر راکیش ٹکائیت بھی مظاہرے میں شامل ہونے پہنچے ہیں۔کسان ان کے مطالبات کی تکمیل تک احتجاج کرنے پر بضد ہیں۔کسانوں کے احتجاج کو بڑی تعداد میں اپوزیشن جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔ کسان مرکزی حکومت سے اپنے مطالبات کی تکمیل کا مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں لیکن حکومت ان کے مطالبات کو نظر انداز کر رہی ہے۔