سری نگر۔ مذہبی رواداری کی صدیوں پرانی روایت کی ایک اور مثال قائم کرتے ہوئے کشمیری مسلمانوں نے وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے لار علاقے میں ایک پنڈت لڑکی کی شادی کی تقریب میں بھر پورحصہ لیا۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ لار علاقہ میں مینو کماری دختر آنجہانی پنڈت موہن لال کی شادی کی تقریب تھی جس میں مسلمانوں نے بھر پور شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی مسلمانوں نے پنڈت لڑکی کی شادی کی ہر رسم میں شرکت کی اور اپنے پنڈت لوگوں کے ساتھ اکھٹے کھانا بھی کھایا۔ ایک مقامی باشندے نے بتایا کہ ہم چار دنوں تک اپنی اس بہن کی شادی کی تقریب میں شریک رہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہماری صدیوں پرانی روایت ہے جس کے تحت یہاں رہائش پذیر مسلمان اور پنڈت ایک دوسرے کی خوشی یا غم کی تقاریبمیں شریک ہوتے ہیں۔ اس دوران سناتھن دھرم سبھا ضلع گاندربل کے صدر بدری ناتھ بٹ نے بتایا کہ یہ شادی کی تقریب چار دنوں پر محیط تھی اور اس دوران یہاں کے مسلمانوں مرد و خواتین نے اس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پنڈت لڑکی کی شادی کی تقریب کی تمام رسوم میں مسلمانوں نے شرکت کی۔