کمسن بچو ں اور خواتین کیخلاف جرائم کو برداشت نہیں کیا جائیگا

   

پوکسو مقدمہ میں مجرم کو عمرقید اور 50 ہزار جرمانہ کی سزاء ، مجرم قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتا

کاماریڈی۔6مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) دیون پلی پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے ایک سنگین پوکْسو کیس میں عدالت نے مجرم کو عمر قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ ضلع ایس پی ایم راجیش چندر نے بتایا کہ کمسن بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور کوئی بھی مجرم قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتا، پولیس متاثرین کو فوری انصاف دلانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے اور عوام سے اپیل کی گئی کہ کسی بھی مسئلہ کی صورت میں فوری پولیس سے رجوع کریں۔ تفصیلات کے مطابق ایک شکایت گزار کی کمسن بیٹی، جو کاماریڈی کے ایک پرائیویٹ کالج میں زیر تعلیم تھی، اسی کالج کے طالب علم راج شیکھر نے اسے ہراساں کرتے ہوئے محبت کا اظہار کیا مگر انکار پر اسے دھمکیاں دیں اور ویڈیوز کے ذریعہ خوفزدہ کیا۔ بعد ازاں ویڈیو کال کے دوران خفیہ ریکارڈنگ کرتے ہوئے اس کا غلط فائدہ اٹھانے کی کوشش کی اور بہلا پھسلا کر سنسان مقام پر لے جا کر اس کے ساتھ زبردستی جنسی زیادتی کی۔ متاثرہ لڑکی نے یہ بات اپنی والدہ کو بتائی جس پر دیون پلی پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے شواہد، گواہوں کے بیانات اور طبی رپورٹ کی بنیاد پر پوکْسو قانون کے تحت چارج شیٹ داخل کی، جس پر معزز ضلع جج سی ایچ وی آر آر ورا پرساد نے مقدمہ ثابت ہونے پر مجرم کو عمر قید اور 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ اس کیس کی کامیاب تحقیقات اور پیروی پر اُس وقت کی دیون پلی ایس ایچ او ایم جیوتی، رورل سرکل انسپکٹر بی سرینواس، ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر شیشو، موجودہ سرکل انسپکٹر سری دھر گوڑ، ایس ایچ او رنجیت، کورٹ لائیزننگ آفیسر اے ایس آئی رامیشور ریڈی اور کورٹ کانسٹبل روی کو ضلع ایس پی نے مبارکباد پیش کی۔